نواز شریف ،مریم نواز عدلیہ مخالف تقاریر ،لاہور ہائیکورٹ نے نوٹس لے لیا
05 مارچ 2018 (17:42) 2018-03-05

لاہور :لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے عدلیہ مخالف تقاریر کا سلسلہ جاری رکھنے پرمیاں نواز شریف اور مریم نواز کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست پر پیمرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔درخواست گزار آمنہ ملک کے وکیل اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ میاں نوازشریف ، مریم نوازاور( ن) لیگی اراکین پارلیمنٹ نے پانامہ کیس کے فیصلے کے حوالے سے عدلیہ مخالف بیان بازی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں جو کہ وا ضح طور پر توہین عدالت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپیکر قومی و صوبائی اسمبلی متعصب ہیں،( ن) لیگ سے تعلق رکھتے ہیں اسی لئے عدلیہ مخالف بیان بازی پر ان کے خلاف کارروائی نہیں کر رہے، انہوں نے کہا کہ عدالت اپنا اختیار استعمال کرتے ہوئے پیمرا کو عدلیہ مخالف تقاریر کو میڈیا پر نشر کرنے سے روکنے کا حکم دے، سرکاری وکیل نے کہا کہ لاہورہائیکورٹ میں براہ راست اس قسم کی درخواست قابل سماعت نہیں ہے، محض الزامات کی بنیاد پر درخواست پر سماعت ممکن نہیں، جس پر عدالت نے پیمرا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا، عدالت نے آئندہ سماعت پر پیمرا کے ذمے دار افسر کو ریکارڈ سمیت پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔


ای پیپر