PM Imran Khan, Kashmiris, right, self-determination, UN, India
05 جنوری 2021 (09:56) 2021-01-05

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی مکمل حمایت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

عمران خان نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ 73 سال سے کشمیری و حشیانہ بھارتی قبضے کا سامنا کر رہے ہیں ، کشمیری عوام اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت حق خود ادادیت کے مطالبے پر قائم ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کو خود ارادیت کا حق اقوام متحدہ کے منشور اور سلامتی کونسل نے دیا ، عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔

ادھر کشمیری عوام سے کئے گئے ادھورے وعدے کی یاد دلاتے ہوئے صدر مملکت عارف علوی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ عالمی برادری کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے حوالے سے اپنی یقین دہانیوں اور ذمہ داریوں کو پورا کرنا چاہیے۔

خیال رہے کہ کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج یوم حق خود ارادیت منائیں گے۔

واضح رہے کہ 5 جنوری 1949 کو اقوام متحدہ نے جموں و کشمیر کے عوام کے حق خود ارادیت کی ضمانت دی تھی ، اس دن کو اقوام متحدہ اور رکن ملکوں کو ادھورا وعدہ یاد دلانے کے لیے مناتے ہیں۔


ای پیپر