فائل فوٹو

امریکا ایران کشیدگی، آرمی چیف نے مائیک پومپیو سے کیا کہا؟ جانیے
05 جنوری 2020 (15:36) 2020-01-05

اسلام آباد: ایران سے کشیدگی کے بعد، امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ میں ٹیلی فون پر کیا گفتگو ہوئی، پاک افواج کے ترجمان آصف غفور نے بتا دیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مائیک پومپیو سے کہا کہ ایرانی جنرل پر حملے کے بعد خطے کے حالات میں تبدیلی آئی، آرمی چیف نے کہا خطے میں کشیدگی کا خاتمہ ہونا چاہئے اور ایک اور جنگ کی طرف نہ جایا جائے۔

مائیک پومپیو سے آرمی چیف نے یہ بھی کہا کہ افغان مصالحتی عمل خراب کرنے کی کوشش سے اجتناب کرنا چاہئے۔ پاکستان اپنی سرزمین کو خطے میں کسی بھی بدامنی کیلئے استعمال نہیں ہونے دے گا۔ آرمی چیف نے کہا ہر وہ کام کیا جائے جو خطے میں امن کیلئے ضروری ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف خطے میں پاکستان کے امن کیلئے کردار کو آگے لے کر جانا چاہتے ہیں۔ پاک افواج نے پاکستان سے دہشت گردی کو پاک کیا اور بھارت کیخلاف قابل فوج ہونے کا ثبوت دیا، نئے آنے والے بھارتی آرمی چیف کو بیانات دینے سے پہلے غور کرنا چاہئے، وہ بھارتی فوج کی صلاحیت کو جانتے ہیں، پاکستان ملکی سلامتی کے حوالے سے کسی بھی معاملے پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔


ای پیپر