On the second day of the Rawalpindi Test, the Pakistani team is in trouble
05 فروری 2021 (14:08) 2021-02-05

لاہور: راولپنڈی ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستانی ٹیم مشکلات کا شکار ہے ، جنوبی افریقی بولرز کی شاندار بولنگ کے سامنے پاکستانی وکٹیں وقفے وقفے سے گرنے لگیں۔

تفصیلات کے مطابق کپتان بابر اعظم گزشتہ روز کے اسکور میں اضافہ کئے بغیر 77 رنز پر آؤٹ ہوئے ، فواد عالم بھی 45 رنز پر رن لیتے ہوئے وکٹ گنوا بیٹھے ، آج آؤٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی محمد رضوان تھے ، انہوں نے 18 رنز بنائے۔

حسن علی صرف آٹھ رنز بنا سکے ، فہیم اشرف نے ایک بار پھر ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور نصف سنچری اسکور کی۔ کھانے کے وقفے پر پاکستان کا اسکور سات وکٹوں پر 229 رنز ہے۔

واضح رہے کہ راولپنڈی ٹیسٹ کا پہلا روز بارش سے متاثر ہوا تھا ، بادل برسنے پر تیسرے سیشن کا کھیل شروع نہیں ہوسکا تھا۔

پاکستان نے چائے کے وقفے تک 145 رن بنائے تھے ، کپتان بابراعظم 77 اور فواد عالم 42 رنز پر ناٹ آؤٹ تھے ۔ دونوں نے 123 رنز کی ناقابل شکست شراکت بنائی تھی۔

ایک موقع پر پاکستان کی تین وکٹیں صرف 22 رنز پر گر چکی تھیں ، عمران بٹ 15 ، عابد علی 6 اور اظہرعلی صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔

(بشکریہ نیو نیوز) 


ای پیپر