انٹرنیشنل کرکٹ اب پاکستان کے میدانوں میں ہوگی ،آئی سی سی آفیشل
05 فروری 2020 (20:24) 2020-02-05

لاہور: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی) کے نامزد سیکیورٹی آفیشل نے کہا ہے کہ پاکستان پرامن ملک بن چکا ہے، کرکٹ سمیت تمام انٹرنیشنل کھیلوں کے مقابلوں کیلئے انتہائی موزوں ہے جس کیلئے حکومت اور سیکیورٹی اداروں نے قابل قدرکردار ادا کیا ہے۔پاکستان میں پی ایس ایل 5کا مکمل طور پر انعقاد ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی راہیں کھولنے کی کوششوں میں معاون و مددگار ثابت ہوگا۔

غیرملکی سیکیورٹی ادارے کے برطانوی نژاد پاکستانی شاہد افسر نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستان میں امن وامان کی صورتحال میں تیزی کے ساتھ آنے والی بہتری میں بتدریج اضافہ ملک میں انٹرنیشنل اسپورٹس کے انعقاد کی راہیں کھولے گا، انھوں نے کہا کہ پی ایس ایل فائیو پاکستان کرکٹ کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا۔

پی ایس ایل 3اور4کے دوران خدمات انجام دینے والے شاہد افسر نے کہا کہ 20 فروری سے شروع ہونے والی لیگ کے 5ویں سیزن کیلئے بھرپور سیکیورٹی انتظامات پرہم ہرطرح سے مطمئن ہیں، کراچی اورلاہورکی طرح راولپنڈی اورملتان میں بھی مطلوبہ معیار کے سیکیورٹی انتظامات کا اہتمام کیے جانے پر ہم نے آئی سی سی کو دونوں مراکز کی کلیئرنس دی ہے۔شاہد افسر نے کہا کہ وہ اپنے ساتھی اہلکار کے ہمراہ پی ایس ایل5کے دوران اپنی ذمہ داری کے مطابق غیرملکی کھلاڑیوں اور آفیشلزکیلئے سیکورٹی انتظامات پرگہری نظررکھیں گے۔


ای پیپر