Punjab, Chief Minister, death, Sardar Sher Baz Khan Mazari
05 دسمبر 2020 (14:53) 2020-12-05

لاہور: بزرگ سیاستدان اور سابق نیشنل ڈیموکریٹ پارٹی کے رہنما سردار شیر باز خان مزاری انتقال کرگئے۔

تفصیلات کے مطابق سردار شیرباز خان مزاری طویل عرصے سے علیل تھے، 1970 میں شردار شیر باز خان مزاری پہلی بار آزاد حیثیت میں رکن اسمبلی منتخب ہوئے، انہوں نے 1973 کے آئین کی تیاری میں بھی اہم کردار ادا کیا، شیرباز مزاری 1975 سے 1977 تک بھٹو دور میں اپوزیشن لیڈر رہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سردار شیرباز خان مزاری کی وفات پر افسوس کا اظہار کیا اور مرحوم کے خاندان سے اظہار تعزیت کی۔

سرادر شیر باز مزاری نے اپنی سیاست کا آغاز 1965 میں ایوب خان کے مقابلے میں مادرملت محترمہ فاطمہ جناح کی حمایت سے کیا ، ان کا شمار قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دینے کی تحریک میں سرگرم سیاستدانوں میں ہوتا تھا۔ شیر باز مزاری دو مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن بھی رہے۔ شیرباز خان مزاری نے ملکی سیاسی صورتحال اور بلوچ قبائل کی تاریخ کے حوالے سے کتابیں بھی تحریر کیں۔

مرحوم پاکستان کے سابق نگران وزیراعظم میر بلخ شیر مزاری کے چھوٹے بھائی تھے۔ سردار شیرباز مزاری 6 اکتوبر 1930 کو تحصیل روجھان ضلع راجن پور میں پیدا ہوئے، شیر باز مزاری نے ابتدائی تعلیم کیڈٹ کالج ڈیرہ دون انڈیا سے اور اعلیٰ تعلیم ایچی سن کالج لاہورسے حاصل کی۔

سردار شیر باز خان مزاری دل کے عارضہ میں مبتلا تھے، سردار شیر باز خان مزاری نے پسماندگان میں بیوہ سمیت 5 بیٹے اور 1 بیٹی چھوڑے ہیں۔


ای پیپر