تین بار فلموں کی پیشکش ہوئی مگر معذرت کر لی: جویریہ سعود
05 دسمبر 2018 (11:39) 2018-12-05

لاہور :اداکارہ جویریہ سعود نے کہا ہے کہ مجھے فلموں میں کام کرنے کے لئے تین مرتبہ پیشکش ہوئی مگر میرا مزاج نہیں تھا اسی لیے فلموں میں کام نہیں کر سکی ۔

انہوں نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ مجھے بالی ووڈ کے معروف ہدایتکار مہیش بھٹ نے اپنی فلم میں کام کرنے کی آفر کی تھی جبکہ اس کے ساتھ ثمینہ پیرزادہ نے بھی اپنی دو فلموں میں کام کرنے کی پیشکش کی مگر میں نے دونوں سے معذرت کرلی تھی ۔

انہوں نے کہا کہ میں نے اپنے کریئر کا آغاز نعت خواں کے طور پر کیا تھا اور اس وقت میری عمر چھوٹی تھی ، بعد ازاں میں نے ٹی وی ڈراموں میں اداکاری شروع کر دی ۔

اداکاری کے ساتھ میں نے ٹی وی ڈراموں کی پروڈکشن اور ڈائریکشن کے بعد اب میں نے بطور رائٹر بھی کام شروع کر رکھا ہے ۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ میرے شوہر سعود کا تعاون ہر لمحہ میرے ساتھ رہا ہے ، ہم ملکر مشترکہ پروڈکشن کررہے ہیں ۔ بہت کم ایسا موقع ملتا ہے کہ ہم اکٹھے کسی تقریب میں شریک ہوں کیونکہ دونوں کی مصروفیات بہت زیادہ ہیں ۔ 


ای پیپر