پی ایس ایل کے تمام میچز پاکستان میں کروانے کا عزم
05 اگست 2019 (21:12) 2019-08-05

لاہور : پی ایس ایل سیزن 5کیلئے پی سی بی نے اپنے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ تمام میچز پاکستان میں ہی کرائے جائیں ،جس کیلئے بڑے پیمانے پر تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل سیزن 5کے تمام میچز پاکستان میں کرانے کی ٹھان لی ہے ،اس سلسلے میں پی سی بی چیئرمین احسان مانی نے فرنچائز مالکان کو کھانے پر مدعو کیا اور پی ایس ایل کے پورے ایونٹ کو پاکستان میں کرانے سے متعلق تفصیلی گفتگو ہوئی ۔

پی ایس ایل فائیو کے میچز کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں ہوں گے،ملاقات میں طے ہوا کہ پی ایس ایل فائیو کرانے کیلئے پی سی بی اور تمام فرنچائزز ایک پیج پرہیں۔ پی ایس ایل کے میچز پاکستان میں کرانے کیلئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ جن غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان آنے میں تحفظات ہیں انہیں مل کر دور کیا جائے گا،اس حوالے سے انڈی پینڈنٹ کنسلٹنٹ کی بھی خدمات حاصل کرنے کی تجویز سامنے آئی۔ انڈی پینڈنٹ کنسلٹنٹ ایک معروف بین الاقوامی شخصیت ہو جو کھلاڑیوں کے خدشات دور کرکے انہیں پاکستان آنے کیلئے آمادہ کرے۔

پی ایس ایل کے میچز فی الحال چار وینیوز لاہور، کراچی، ملتان اور راولپنڈی میں ہی ہوں گے۔ افتتاحی تقریب کراچی جبکہ فائنل لاہور میں کرانے کی تجویز ہے،ڈرافٹ کے مطابق 13 میچز لاہور، 9 میچز کراچی ، 8 میچز راولپنڈی اور 4 میچز ملتان میں کرانے کی تجویز ہے۔


ای پیپر