صوبائی حکومت میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں
05 اگست 2019 (20:55) 2019-08-05

کراچی : صوبائی حکومت میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کر دی گئیں ،سندھ کابینہ میں 4نئے وزراءاور مشیروں کو شامل کرنے کے بعد وزراءکے قلمدانوں میں بھی ردوبدل کر دیا گیا ۔

سندھ حکومت میں اہم وزراءکو تبدیل کر دیا ،سندھ حکومت کی جانب سے قلمدان میں تبدیلیوں کا نوٹیفیکیشن وزیر اعلیٰ سندھ کی اجازت کے بعد جاری کیا گیا،نوٹیفکیشن کے مطابق قلمدان میں تبدیلیاں بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر کی گئیں۔

سعید غنی سے بلدیات کا قلمدان واپس لے کر گزشتہ روز حلف اٹھانے والے ناصر حسین شاہ کو سونپ دیا گیا ہے جبکہ سعید غنی کو محکمہ اطلاعات اور محکمہ محنت کا قلمدان دیا گیا ہے۔،سہیل انور سیال کو آبپاشی کی وزرات دی گئی ہے جبکہ ان کے پاس اینٹی کرپشن کا اضافی قلمدان بھی ہوگا،جام اکرام دھاریجو کو امدادِ باہمی اور صنعت و تجارت کی وزارت دی گئی، نثار کھوڑو کو صوبائی مشیر برائے محکمہ ورکس اینڈ سروسز بنایا گیا ہے،بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کو مشیر برائے قانون، ماحول، موسمیاتی تبدیلی اور کوسٹل ڈویلپمنٹ بنادیا گیا ہے جبکہ وہ حکومت سندھ کے ترجمان کی ذمہ داریاں بھی نبھائیں گے،سید سردار شاہ سے محکمہ تعلیم کی وزرات واپسی لے لی گئی ہے۔

وزیر بلدیات سندھ ناصر حسین نے علی زیدی کی طرف سے کی جانے والی کوشش کو سراہتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت تحریک انصاف کے علی زیدی کی بھرپور حمایت کرتی ہے اور کراچی میں کچرا صاف کرنے میں ان کا بھر پور ساتھ دے گی ،جہاں تک ان کو تعاون کی ضرورت ہوگی سندھ حکومت کریگی ۔


ای پیپر