اسحاق ڈار کیس میں احتساب عدالت نے 3 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی
05 اپریل 2018 (15:31)


اسلام آباد: احتساب عدالت اسلام آباد نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے سے متعلق ضمنی ریفرنس کے شریک 3 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے ، احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے اسحاق ڈار کے خلاف نیب ضمنی ریفرنس کی سماعت کی،سماعت کے دوران ضمنی ریفرنس میں شامل ملزمان عدالت میں پیش ہوئے ۔


تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثے سے متعلق ضمنی ریفرنس کے شریک تینوں ملزمان جن میں سعید احمد، نعیم محمود اور منصور رضا رضوی شامل ہیں پر فرد جرم عائد کردی گئی۔ نیب کی جانب سے 26 فروری 2018 کو دائر کیے گئے اثاثہ جات ضمنی ریفرنس میں نیشنل بینک کے سابق صدر سعید احمد، نعیم محمود اور منصور رضا رضوی کو بطور شریک ملزمان نامزد کیا گیا تھا۔ اس موقع پر صدر نیشنل بینک سعید احمد کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل نے احتساب عدالت سے ضمنی ریفرنس خارج کرنے کی درخواست مسترد ہونے سے متعلق ہائیکورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔


اسحاق ڈار کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ضمنی ریفرنس سماعت کے لیے منظور کرلیا گیاجس پر جج محمد بشیر نے کہا کہ سپریم کورٹ کا احترام ہے لیکن ابھی وہاں سے کوئی حکم نہیں آیا اور ملزمان پر فرد جرم عائد کر دیتے ہیں اگر کوئی حکم آیا تو کارروائی ختم کر دی جائے گی ۔ضمنی ریفرنس میں شریک تینوں ملزمان پر فرد جرم عائد کردی گئی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کر دیا ۔ احتساب عدالت نے استغاثہ کے گواہان کو بھی 11 اپریل کو طلب کرلیا ہے۔


ای پیپر