میںاب دوسری شادی کے حق میں ہوں …؟
04 ستمبر 2019 2019-09-04

میں ہسپتال کے مین گیٹ سے داخل ہوا … تو وہ سامنے کھڑی تھی … اُس نے مجھے نہایت غور سے دیکھا (تقریباً گھورتے ہوئے) … میں نے نظریں چرانے کی کوشش کی … تو وہ آگے بڑھ کے … مسکرانے لگی … وہ بڑی اپنائیت کے ساتھ مجھے Shakehand کر کے Welcome کرنا چاہتی تھی … ’’شاید‘‘ …!!

کہ میری بیوی جو چند قدم کے فاصلے پر تھی میرے بالکل قریب آ گئی اور بلند آواز میں بولی … ’’محسنؔ میں ادھر ہوں … کہاں جا رہے ہو؟‘‘ … اُس کے چہرے پر غصہ نمایاں تھا … حالانکہ وہ اُس وقت تکلیف میں تھی۔

میں نے اُسے بُری طرح Ignore کیا اور بیوی کے ساتھ ہو کر اُس کا ہاتھ پکڑ کر مین گیٹ کی آخری سیڑھی سے اوپر لے آیا … میرے چہرے پر پھیلی مسکراہٹ ’’گھبراہٹ‘‘ میں تبدیل ہو گئی …

وہ پھر بھی نہ رُکی اور اُس نے آگے آ کے میرا ہاتھ تھام لیا … یہ منظر میری بیوی نے نہیں دیکھا … ( میں نے اُس کا پتھریلا ہاتھ جھٹکا تو نہیں لیکن … بے مروتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے … ایک طرف ہو گیا) …

’’یہ روزینہ ہے … میری بیوی‘‘ …؟

’’ہائیں‘‘ … وہ گھبرا سی گئی …

بیس سال پہلے … والی گفتگو یاد ہے …؟

وہ بولی …

’’جی … جی … یاد ہے حرف بحرف‘‘ … میں نے کہا …

جب میں نے کہا تھا کہ مجھ سے شادی کر لو … تو تم نے کورا جواب دیا تھا … اور وضاحت بھی کر دی تھی۔

’’ میں تو پہلے سے شادی شدہ ہوں ‘‘ …؟

میں نے کہا تھا … ’’مجھ سے بھی کر لو‘‘ …

تو تم نے جواب دیا تھا … ’’ میں دوسری شادی کے حق میں ہی نہیں ہوں ‘‘ …

’’ہاں ہاں … یاد ہے … میں نے کہا تھا‘‘ …

’’تو یہ سب ‘‘ …؟

’’اب میں دوسری شادی کے حق میں ہوں ‘‘ … میں نے آہستہ سے کہا اور وہ مسکراتی ہوئی … میری بیوی کو ہاتھ سے پکڑ کر اپنے بڑے سے دفتر میں لے گئی … میں باہر کھڑا مسکرا رہا تھا …

کہ نرس نے میرے کندھے پر ہاتھ رکھا … ’’بڑی میڈیم‘‘ بلا رہی ہیں …

’’وہ تو مریض چیک کر رہی تھیں‘‘ … میں نے حیرت سے کہا …

’’اُنہوں نے مریض چھوٹی ڈاکٹر رافعہ کے کمرے میں بھیج دئیے ہیں اور اپنے کمرے کے باہر ’’لال بلب‘‘ جلانے کا حکم دے دیا ہے‘‘ …

اس کا مطلب ہے …"Visitors not allowed" …

’’جی‘‘ … نرس ہنستے ہوئے بولی … بڑے افسر کو لال بلب، لال قلم، لال آنکھیں دکھانے کی بھی کیا خوب سہولت ہے …؟

میں شرماتا شرماتا … کمرے میں داخل ہوا تو دونوں ہنس رہی تھیں … قہقہے لگا رہی تھیں …

’’آ جائو … چالاک آدمی‘‘ … وہ ہنستے ہوئے بولی …

’’میرا خیال تھا میں روزینہ بھابھی کو تمہارے خلاف اکسائوں گی لیکن تم نے تو یہ ساری کہانی پہلے سے اُن کو سنا رکھی ہے‘‘ …؟ ڈاکٹر صائمہ نے مجھے ’’محبت سے گھورتے‘‘ ہوئے کہا … میں مسلسل شرمائے جا رہا تھا …

’’سنائیں آجکل بھی ڈرامے دیکھتی ہیں یا نہیں‘‘ …؟ میں نے ہنستے ہوئے پوچھا …

’’نہیں … محسن … ہماری قسمت میں ایسی سہولتیں کہاں‘‘ …؟ وہ سنجیدہ ہو گئی … ہمارا پروفیشن تو خدمت ہے … خدمت ’’پروفیشن‘‘ میں نے ہنسی بڑی مشکل سے کنٹرول کی …

یہ اُس دور کا واقعہ ہے جب PTV پر ’’وارث‘‘ ڈرامہ چلتا تھا، بازاروں کی رونقیں ختم ہو جاتی تھیں، لوگ امجد اسلام امجد کے ڈرامے ’’وارث‘‘ کی ایک بھی قسط "Miss" نہیں کرتے تھے …ایک عجیب طلسماتی کہانی تھی اور عوام تھے … شام کے وقت جس دن ’’وارث‘‘ ڈرامہ لگتا تھا لوگ مغرب کے بعد دوکانیں / کاروبار بند کر کے گھروں میں جا پہنچتے … اور تو کوئی چینل نہ تھا …بس PTV اور وہاں ڈرامہ ’’وارث‘‘ کا راج تھا …

میری نئی نئی شادی ہوئی تھی … میں اپنی بیوی کو لے کر ڈاکٹر صائمہ کے کلینک پر گیا تو وہ آرام آرام سے مریضوں کو چیک کر رہی تھیں … میں نے آگے بڑھ کے … درخواست کی … ’’محترمہ ڈاکٹر صاحبہ ذرا میرا مریض پہلے دیکھ لیں میں نے جا کے ’’وارث‘‘ ڈرامہ دیکھنا ہے‘‘ … ڈاکٹر صائمہ نے غصے سے مجھے جھاڑ پلا دی … میں اپنے کام میں دوسروں کی ’’مداخلت‘‘ برداشت نہیں کرتی … میں باہر نکل آیا … حالانکہ جس کام کی وہ اسپیشلسٹ ہے اُس میں میری ’’مداخلت‘‘ کہاں …؟

ڈاکٹر صائمہ عمر میں مجھ سے تقریباً بیس سال بڑی تھیں … کچھ دن بعد میں بیوی کی رپورٹس چیک کروانے گیا … تو مجھے پاس بٹھا لیا … چائے پلائی اور محبت سے بولیں … ’’محسن اُس دن میں نے آپ کو ڈانٹ دیا تھا … آپ نے بُرا تو نہیں منایا تھا ناں‘‘ …؟ آپ جیسے ’’نائس بوائے‘‘ کو ڈانٹ کر میں دو دن پریشان رہی اور رات بھر سوئی نہیں …

’’بُرا تو منایا تھا‘‘ … میں نے کہا۔

’’کیوں‘‘ … وہ بولیں …

’’دو باتوں کی وجہ سے ‘‘ … میں نے کہا … ’’ایک تو آپ نے مجھے ڈانٹا … دوسرا یہ کہ آپ ’’وارث‘‘ ڈرامہ کیوں نہیں دیکھتیں‘‘ …؟

وہ ہنس دیں … پھر پیار سے بولیں … ’’یہ ہسپتال میری ملکیت ہے، میرے پاس بہت سا پیسہ ہے … ایک شوہر کی کمی ہے‘‘ …؟

’’پھر‘‘ میں نے حیرت سے پوچھا تو مسکراتے ہوئے بولیں…

’’تم مجھ سے شادی کیوں نہیں کر لیتے‘‘ …؟

’’ میں شادی شدہ ہوں پہلے سے ہی‘‘ … میں نے جواب دیا …

’’تو مجھے کوئی اعتراض نہیں‘‘ … وہ پر عزم لہجے میں بولیں …

’’مگر میں دوسری شادی کے حق میں نہیں ہوں ‘‘ … میں نے یہ کہا اور باہر آ گیا …

آج ہم نے چیک اپ کروایا … چائے پی اور باہر آ گئے …

ڈاکٹر صائمہ نے ہمیں مسکراتے ہوئے رخصت کیا … میں نے محسوس کیا ڈاکٹر صائمہ ’’بڑھاپے‘‘ کی دہلیز کراس کر چکی ہے … میری بیوی نے بتایا کہ ’’اس کے پاس اربوں روپے کی پراپرٹی ہے … کوئی بچہ وغیرہ نہیں … بہت بڑے بنگلے میں نوکر چاکر ہیں اور یہ اکیلی ’’ٹھاٹھ‘‘ سے وہاں رہتی ہے … ٹھاٹھ … ٹھاٹھ‘‘ میں بڑبڑایا…

’’دولت کی ہوس نے اسے کہیں کا نہیں چھوڑا … یہ اس قدر مصروف ہے اور شاید اپنی دولت جائیداد سے محبت بھی کرنے لگی ہو گی … اُس سے پوچھنا تھا کہ اب بھی وہ ’’پرائم ٹائم‘‘ Channels پر لگنے والے خوبصورت ڈرامے دیکھتی ہے یا نہیں‘‘ …

’’نہیں‘‘ … میری بیوی نے جواب دیا …؟ اور مجھے محبت سے دیکھنے لگی …؟


ای پیپر