عمران خان ایک پاکستان بنانے کا خواب پورا کریں گے : عثمان بزدار
04 اکتوبر 2018 (17:29) 2018-10-04

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان ایک پاکستان بنانے کا وعدہ پورا کریں گے ، نیا پاکستان امیر اور غریب کا فرق مٹا دے گا ۔

لاہور میں منتخب سینیٹر شہزاد وسیم سے ملاقات کرنے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اس پاکستان کی بنیاد رکھ رہے ہیں جس کا خواب بانیانِ پاکستان نے دیکھا تھا، چند عاقبت نا اندیش عناصر تبدیلی سے خوفزدہ ہیں ،ایسے عناصرجان لیں کہ 22کروڑ عوام نئے پاکستان کی تعمیر چاہتے ہیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ فرسودہ اور بوسیدہ نظام سے عوام کو کچھ نہیں ملا،اب عوام کی خاطر سب کچھ بدلنا ہے ۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب نے پنجاب سے سینیٹر منتخب ہونے پر ڈاکٹر شہزاد وسیم کو مبارکباد پیش کی ۔ملاقات کے دوران صوبائی وزرا عبدالعلیم خان ،میاں محمود الرشید، مشیر عون چوہدری اور سابق رکن اسمبلی شعیب صدیقی بھی موجود تھے۔


ای پیپر