فوٹوبشکریہ فیس بک

قبضہ مافیا منشا بم کو حراست میں لیکر چھوڑنے کا انکشاف
04 اکتوبر 2018 (16:15) 2018-10-04

لاہور: منشا بم کو مبینہ طور پر حراست میں لیکر چھوڑنے کا انکشاف ہوا ہے۔ پولیس کا دعوی ہے کہ ڈیرے سے گرفتار کرنے کی کوشش کی لیکن ملزم فرار ہو گیا تاہم اس کی گاڑی قبضے میں لے لی۔

سپریم کورٹ نے پولیس کو لاہور میں قبضہ مافیا سے تعلق رکھنے والے منشا بم کو گرفتار کرنے کا حکم دے رکھا ہے اور اسی حکم کے تحت گرفتاری کیلئے اقدامات کیے جارہے ہیں تاہم منشا بم کو مبینہ طور پر پولیس کی جانب سے حراست میں لے کر فرار کرانے کا انکشاف ہوا ہے۔

پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ منشا بم نے گزشتہ رات 12 سے 1 بجے کے درمیان اپنے ڈیرے پر آنا ہے اور اس کیلئے پولیس نے اپنے 2 اہلکار وہاں پر تعینات کر دیئے تھے جس وقت منشا بم آیا تو پولیس اہلکاروں نے حراست میں لیا تاہم بعد میں فرار کروا دیا گیا۔

ایس پی صدر کا کہنا ہے کہ منشا بم مزاحمت کرنے کے بعد فرار ہوا ہے۔ موقع پر تعینات پولیس اہلکاروں نے جب اسے گرفتار کرنے کی کوشش کی تو اس کے ساتھ موجود گارڈز نے پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور انہیں کمرے میں بند کر کے فرار ہو گئے۔

ڈی آئی جی آپریشن کا کہنا ہے کہ واقعہ کا مقدمہ درج کیا جا رہا ہے اور اس پر کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ منشا بم کے خلاف اس وقت 38 مقدمات لاہور میں درج ہیں جو کہ دہشتگردی اور قتل کی دفعات کے تحت درج ہیں۔


ای پیپر