مقبوضہ کشمیر میں دھماکہ ،ہر طرف افراتفری پھیل گئی
04 نومبر 2019 (16:43) 2019-11-04

سری نگر: مقبوضہ جموں و کشمیر کے دارالحکومت سرینگر کے امراو کدل کی مارکیٹ میں گرنیڈ دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 24سے زائد زخمی ہو گئے ہیں،حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیا اور تلاشی مہم شروع کر دی گئی ہے، دھماکے میں بھارتی سرحدی فورس کا ایک جون بھی زخمی ہوا تاہم اسکی شناخت نہیں کی جا سکی ہے ۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر کے دارالحکومت سرینگر کے امراو کدل کی مارکیٹ میں گرنیڈ دھماکہ ہوا ہے۔ اس حملے میں ایک شخص ہلاک اور کم از کم 24 افراد زخمی ہوگئے۔پولیس کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل(وسطی کشمیر )وی کے بردی نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ متعدد زخمیوں کو مقامی اسپتال میں داخل کیا گیا ہے۔نامعلوم افراد نے امراکدل کے گونی کھن علاقے میں گرینیڈ حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ اس حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو محاصرے میں لیا اور تلاشی مہم شروع کی۔ایک نیوز ویب سائٹ کے مطابق رنکو نامی ہلاک شدہ شخص غیر مقامی باشندہ تھا جو اس جگہ پر تالوں کی چابیاں بناتا تھا۔ رنکو کا تعلق ریاست اترپردیش کے شہر سہارنپور سے تھا۔اطلاعات کے مطابق ایس ایس بی(سرحدی پولیس دستے)کا ایک جوان بھی زخمی ہوا ہے تاہم اس کی شناخت ابھی نہیں ہوئی ہے۔


ای پیپر