فوٹوبشکریہ فیس بک

مشن پرواز مکمل، فخر عالم دنیا کے گرد چکر لگانے والے پہلے پاکستانی بن گئے
04 نومبر 2018 (13:57) 2018-11-04

نیویارک: گلوکار فخر عالم دنیا کے گرد چکر لگانے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں۔ انہوں نے اپنا ’ مشن پرواز ‘ 28 روز کے بعد مکمل کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گلوکار، اداکار اور میزبان فخرعالم اپنا '' مشن پرواز '' مکمل کر کے امریکہ پہنچ گئے ہیں۔ فخرعالم نے اس مشن کی تکمیل کے ساتھ ہی دنیا کے گرد چکر لگانے والے پہلے پاکستانی ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔

فخر عالم نے اس مشن کے لیے دس اکتوبر کو امریکی ایئر پورٹ سے پہلی اڑان بھری تھی۔ انگلینڈ، آسٹریلیا، جاپان اور روس سمیت 24 سے زائد ممالک کی فضاوں کو پار کرکے ہیوسٹن پہنچے۔

فخر عالم نے پورے پاکستان کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اب ہمارا نام ہوا بازی کی تاریخ میں لکھا جا چکا ہے۔ فخر عالم کو فلوریڈا میں ان کے قریبی دوست اور ایوی ایشن کے لوگوں نے مبارک باد پیش کی اور ان کے حوصلے اور عزم کو سراہتے ہوئے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔

اس مشن کے تحت وہ دنیا کے مختلف ممالک کے 22 اسٹاپس پر گئے جن میں کینیڈا، گرین لینڈ، آئس لینڈ، برطانیہ، مصر، بحرین، ڈھاکا، بینکاک، جکارتا، سنگاپور، آسٹریلیا، فلپائن، جاپان، روس، الاسکا، دبئی اور فلوریڈا شامل ہیں۔

اس مشن کے دوران فخر عالم کو روس کے ایئر پورٹ پر ویزہ ایکسپائر ہونے کی بناء پر حراست میں بھی لیا گیا تھا، جس کے بعد انہوں نے حکومت پاکستان سے مدد کی اپیل کی تھی۔ بعدازاں دفتر خارجہ نے نوٹس لے کر پاکستانی سفارت خانے کو گلوکار کی مدد کی ہدایت کی تھی اور انہیں ویزہ فراہم کردیا گیا تھا۔

فخر عالم کل فلوریڈا سے مشن پرواز مکمل کرکے پاکستان پہنچ جائیں گے۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ مشن پرواز کا خواب بھلے ان کا ہے لیکن یہ وطن عزیز سے منسلک ہے، اس کے تحت دنیا بھر میں پاکستان کا مثبت عکس پیش ہوگا اور دنیا کو پتہ چلے گا کہ ہمارے پاس ڈاکٹرز، انجینئرز، گلوکار، سائنسدان اور ہوا باز سب موجود ہیں۔

فخر عالم کا مزید کہنا تھا کہ وہ مشن پرواز کے ذریعے تمام شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ مشن کی تکمیل پر فخرعالم نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس حوالے سے ویڈیو پیغام بھی جاری کیا۔

 

 

 

 


ای پیپر