آرمی چیف سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے
سورس:   فائل فوٹو
04 May 2021 (20:18) 2021-05-04

راولپنڈی: پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے ہیں جن کا پاکستانی سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) بلال اکبر نے استقبال کیا۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔ اپنے اس اہم ترین دورے کے دوران آرمی چیف سعودی فوجی اور سول قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ پاکستانی سفیر لیفٹیننٹ جنرل ( ر ) بلال اکبر نے آرمی چیف  کا استقبال کیا۔ 

دوسری جانب وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان 25ویں روزے سعودی عرب روانہ ہونگے جہاں وہ سعودی قیادت سے ملاقاتیں اور عمرہ کی سعادت حاصل کریں گے۔

اپنے دورہ سعودی عرب کے موقع پر وزیراعظم پاکستان ملک وقوم اور امت مسلمہ کے لئے خسوصی دعائیں کریں گے۔

فواد چودھری کا پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب انتہائی اہم ہے، اس سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا دورہ سعودی عرب پہلے سے ہی شیڈول ہے، وہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت میں سعودی عرب کا دورہ کرنے جا رہے ہیں۔

بشکریہ(نیو نیوز)


ای پیپر