Corona's devastation in India, the rest of the IPL matches postponed
کیپشن:   فائل فوٹو
04 May 2021 (14:43) 2021-05-04

نئی دہلی: انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے ملک بھر میں پھیلی عالمی وبا کورونا وائرس انڈین پریمئیر لیگ کے باقی میچوں کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کر دیا ہے۔

اس حوالے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انڈین کرکٹ بورڈ اور آئی پی ایل کی گورننگ کونسل نے ایک ہنگامی اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ فوری طور پر آئی پی ایل 2021 کو ملتوی کر دیا جائے۔

بیان کے مطابق انڈین کرکٹ بورڈ کھلاڑیوں، سپورٹ سٹاف اور آئی پی ایل کے انعقاد میں شامل دیگر شرکا کی حفاظت پر سمجھوتہ نہیں کرنا چاہتا اور یہ فیصلہ تمام سٹیک ہولڈرز کی حفاظت اور صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آئی پی ایل 2021 کے تمام شرکا کو بحفاظت واپس بھیجنے کے انتظام میں انڈین کرکٹ بورڈ اپنے تمام اختیارات کا استعمال کرے گا۔

واضح رہے کہ انڈیا میں کورونا وائرس سے ہونے والے شدید بحران کے سبب ناقدین کا مؤقف رہا ہے کہ ایسے موقع پر یہ ٹورنامنٹ کرانا نہایت ہی ’غیر مناسب‘ ہے۔

اتوار کے روز انڈین پریمئیر لیگ کی اہم ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز کے کھلاڑیوں سندیپ واریر اور ورون چکرورتی کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آنے کے بعد رائل چیلنجرز بنگلور کیساتھ شیڈول میچ ملتوی کر دیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ ہندوستان میں کورونا کے قہر جاری ہیں۔ ایک ہی روز میں مزید 3400 شہریوں کی ہلاکت نے خوف میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔ صورتحال کے پیش نظر حکومت نے نئی دہلی سمیت دیگر علاقوں میں فوج کو طلب کر لیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دارالحکومت نئی دہلی کی حالات ملک کے باقی حصوں سے زیادہ خراب ہے۔ یہاں ہسپتالوں میں مریض بیڈز اور آکسیجن کی کمی کی وجہ سے رل رہے ہیں لیکن حکومت ان کی مدد کو آگے نہیں بڑھ رہی ہے۔ 

طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ہندوستان میں آنے والے کورونا کے اس طوفان کے ختم ہونے کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے۔ ملک بھر میں روزانہ لاکھوں کیسز رپورٹ جبکہ سینکڑوں کی تعداد میں شہری موت کی گھاٹی میں اتر رہے ہیں۔

ہندوستان میں گزشتہ روز اٹھارہ اعشاریہ 6 لاکھ کووڈ ٹیسٹ کیے گیے جن میں سے 19 فیصد افراد میں وبائی مرض کی تشخیص ہونا تشویشناک ہے۔

برطانوی میڈیا کے مطابق ریاست پٹنہ میں لاشوں کو جلانے کیلئے لگ بھگ 3 سو ٹن لکڑیاں جمع کر لی ہیں۔ آخری رسومات کیلئے حکومت کی پیشگی اجازت کو ضروری قرار دیا گیا ہے تاکہ وائرس کا پھیلاؤ روکا جا سکے۔

اس کے علاوہ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ کورونا سے مرنے والے افراد کی آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے کوئی پیسے نہیں لئے جائیں گے۔

خیال رہے کہ بھارتی ریاست بہار میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد ایک لاکھ سات ہزار 667 ہو گئی ہے۔


ای پیپر