اول فول…
04 May 2019 2019-05-04

دوستو، اول فول ایسا جملہ ہے جب آپ کی کچھ سمجھ نہیں آرہا تو سامنے والے کے بارے میں آسانی سے کہہ کر جان چھڑالیتے ہیں کہ پتہ نہیں کیا اول فول بک رہا ہے۔۔ ہم نے کوشش کی کہ اس اول فول کا شجرہ نسب ڈھونڈ نکالیں لیکن ــ’’شجرہ‘‘ کہاں سے ملتا، اس ملک میں ’’شجر‘‘ ہی کاٹے جارہے ہیں۔۔ گرمی کی بڑی وجہ بھی یہی ہے، کراچی میں تو ہیٹ اسٹروک کی پیش گوئی ہے،ان سطور کوجب تک آپ پڑھیں گے تو شاید ہیٹ اسٹروک الرٹ ختم ہوجائے۔۔ گرمیاں اسی لئے شدت سے اپنا رنگ دکھارہی ہیں کہ ہم نے درخت کاٹنا شروع کردیئے ہیں۔۔ اب مسئلہ یہ ہے کہ درخت کاٹنے سے مل کیا رہا ہے؟ کاٹنے والا تو پیسہ کمارہا ہے لیکن معاشرے کو مصیبت میں بھی ڈال رہا ہے۔اب رمضان المبارک کی بھی آمد آمد ہے آج اگر چاند نظر آگیا تو کل پہلا روزہ ہوسکتا ہے۔۔روزے کی حالت میں ہم نے کئی لوگوں کو سر پر ٹوپی پہنے اول فول بکتے دیکھا ہے، کہتے ہیں روزے میں غصہ قابو نہیں رہتا۔۔ باباجی کی بھی یہی عادت ہے روزہ رکھ کر بہت غصہ کرتے ہیں، ہم نے جب انہیں سمجھایا کہ غصہ حرام ہے اسے پی جایا کریں، تو آگے سے دانت پیستے ہوئے فرمانے لگے،اچھا تو کیا اپنا روزہ مکروہ کرلوں،غصہ ’’پی‘‘ کر۔۔؟؟

چلیں پھر آج ہماری بھی اول فول سن کر اپنی چھٹی کا دن پرلطف بنائیں۔۔کیوں کہ ہماری کوشش ہوتی ہے کہ اول فول سے دورہی رہا جائے لیکن جب اول فول اسٹارٹ کرتے ہیں تو سامنے والا اسے ’’فل‘‘ انجوائے کرتا ہے۔پتہ نہیں ہم اول فول بکنے کے دوران ایسی کیا باتیں کرجاتے ہیں کہ سامنے والا اسے لطیفے کے طور پر ’’ایزی‘‘ لیتا ہے اور خوب لطف اٹھاتا ہے۔۔چلیں اب آپ ہماری ’’ اول فول‘‘ برداشت کریں۔۔ دنیا کے سات عجوبے تو آپ نے سنے ہی ہوں گے ،اب سات جھوٹ بھی سن لیجئے۔۔۔دنیا کا پہلا جھوٹ، دو خواتین ایک ساتھ بیٹھی ہیں مگر خاموش۔۔بیگم نے پہلی تاریخ آتے ہی تنخواہ کا نہیں پوچھا۔۔خواتین شاپنگ مالز سے خالی ہاتھ لوٹیں۔۔۔گرل فرینڈ نے کھانے کا بل ادا کیا۔۔پاکستانی پولیس ایماندار ہوگئی۔۔ملک میں صاف و شفاف الیکشن ہوئے۔۔ اور۔۔ اور۔۔ اور۔۔ عمران جونیئر نے سنجیدگی اختیار کرلی۔۔خواتین کا ذکر چل پڑا ہے تو یہ بات بھی سوفیصد حقیقت ہے اور اسے اپنے پلو سے باندھ لیجئے کہ۔۔ہر شخص اتنا عقلمند نہیں ہوتا جتنا کہ اس کی ماں سمجھتی ہے، اور ہر شخص اتنا بیوقوف نہیں ہوتا جتنا کہ اس کی بیوی سمجھتی ہے۔۔خواتین کے لئے بلڈپریشر کا گھریلو علاج بھی باباجی نے دریافت کرلیا ہے۔۔کہتے ہیں۔۔خاتون خانہ کا اگر بلڈپریشر ہائی ہے تو بیس منٹ اپنے میکے بات کرادیں، اگر بلڈپریشر لو ہے تو پھر شوہر سے صرف دو منٹ بات کرلیں۔۔آپ نے کبھی کسی عورت کا سبزی خریدتے ہوئے دیکھا ہے؟ ۔۔وہ اٹھائے گی بھنڈی، دام پوچھے گی ٹنڈوں کا اور خریدے گی کدو۔۔

ایک خاتون کو بنگالی خانساماں نے مشورہ دیا،’’میم صاب سوتے بچوں کو ’’کوئلہ ‘‘کھلاؤ‘‘۔۔وہ تو بعد میں پتہ چلا کہ وہ چھوٹے بچوں کو ’’کیلا‘‘ کھلانے کا مشورہ دے رہا تھا۔۔اسی لئے سیانے کہہ گئے ہیں کہ غیر زبان کا مشورہ بہت احتیاط سے تسلیم کریں۔۔باباجی فرماتے ہیں کہ مکمل طور پر خوش رہنے کے لئے انسان کا مکمل طور پر بے وقوف ہونا بہت ضروری ہے۔۔وہ مزید ارشاد فرماتے ہیں کہ ۔۔کچھ لوگوں نے زندہ رہ کر اس دھرتی پر صرف آکسیجن ہی ضائع کرنا ہوتا ہے۔۔باباجی کا ہی اقوال ذریں ہے کہ ۔۔ عورت سے کبھی جھوٹ مت بولوکیونکہ وہ آپ سے اْسی وقت پوچھتی ہے جب اْسے سب پتہ ہوتا ہے!!۔۔ہمارے پیارے دوست کہتے ہیں کہ سبزی والے کی گاجر مفت اٹھا کر کھانے سے وٹامن ای کے ساتھ ساتھ گناہ بھی ملتا ہے۔۔وہ مزید فرماتے ہیں کہ۔۔پہلے لوگ گھر سے آئینہ دیکھ کر نکلا کرتے تھے۔اور آجکل موبائل کی بیٹری دیکھ کر نکلتے ہیں۔باباجی نے انکشاف کیا ہے کہ جوتے کی دوکان پر کھڑا سیلزمین وہ واحد انسان ہے،جو غلطی پر نہ ہوتے ہوئے بھی لوگوں کے پیر پکڑتا ہے۔

تھانے کے منشی نے سامنے بیٹھے انسان کو غصے سے کہا۔۔ بھائی ایک بات تے بتا،’’لُگائی‘‘ تیرے پڑوسی کی کھوئی،رپٹ لکھان توں آیا، کوئی چکر تے نہیں چل ریا تیرا اس کی لُگائی سے؟؟ وہ بندہ چہرے پر آئے پسینے پونچھتے ہوئے بڑی معصومیت سے کہنے لگا۔۔کوئی چکر نہیں جناب، پر سالے کی خوشی نہ دیکھی جاری، تین دن ہوگئے سُسرا دے پارٹی پہ پارٹی کرریا اے۔۔۔ہمارے پیارے دوست نے اپنے ایک دوست کی فون پر ہم سے غیبت کرتے ہوئے کہا۔۔بہت ہی جھوٹا ہے یار وہ، ہمیشہ کہتا تھا جان بھی مانگوگے تو دے دوں گا، آج وہ اپنی گرل فرینڈ کو جان کہتا ہے، مانگتاہوں تو آگے سے گالیاں دیتا ہے۔۔یہ سن کر ہمارے منہ سے قہقہہ فوارے کی شکل میں پھوٹ پڑا۔۔واقعی ہماری قوم بھی بہت عجیب و غریب ہے، ہر انسان اپنے مسئلے میں الجھا ہوا ہے، غربت کا رونا رورہا ہے، لیکن ہمارا ملک دنیا کا واحد ملک ہے جہاں اگر آپ فٹ پاتھ پر جہاز بھی بیچنے کے لئے بیٹھ جائیں تو چار پانچ لوگ اس کا ریٹ ضرور پوچھیں گے، چاہے ان کی جیب میں ایک روپیہ نہ ہو۔۔بابا جی فرماتے ہیں۔۔گنج پن عقل مند ہونے کی ہرگزہرگز کوئی دلیل نہیں، اب آپ خود ہی بتائیں آپ نے کبھی کوئی گنجی لڑکی دیکھی ہے؟؟ یہ بات بھی مشاہدے میں آئی ہے کہ ۔۔جو دکاندار آپ کی چائے ، مشروب سے خاطر تواضع کرتا ہے ،وہی سب سے زیادہ چونا بھی آپ کو لگاتا ہے۔۔۔

سنا ہے بجلی پانی سے بنتی ہے ،مگر پتہ نہیں کیوں بارش کا سنتے ہی غائب کیوں ہو جاتی ہے۔۔ہم نے باباجی سے ایک روز پوچھا، باباجی شیمپو میں بادام کس لئے ڈالے جاتے ہیں؟؟ ہمارا سوال سن کر باباجی زیرمونچھ مسکرائے، پھر تھوڑا سا کلبلائے،پھر فرمانے لگے۔۔شیمپو میں بادام اس لئے ڈالے جاتے ہیںتاکہ بالوں کو یاد رہے انہوں نے نہیں ٹوٹنا۔۔ہم نے گزشتہ روز باباجی کوفون کیا اور شکوہ کیا کہ ۔۔ میں اتنے دن بیمار رہا آپ پوچھنے بھی نہیں آئے،باباجی نے آگے سے گرجدار آواز میں جواب دیا۔۔ ہمیں کسی نے بلایا ہی نہیں ۔۔اکثر بیویاں سوچتی ہیں کہ شوہر سے ناراض ہوکر اس سے بات نہ کرو تو شوہر کو سزا ملتی ہے اسے ہلکا ہلکا ذہنی ٹارچر ملتا ہے، ایسی قطعی کوئی بات نہیں، شوہرات آپ کی ناراضی کے دنوں میں بھرپور دن گزارتے ہیں۔۔اب ایک سچائی بھی سن لیں،اتنا تو میاں بیوی نہیں لڑتے جتنے آج کل مچھر لڑتے ہیں۔۔ایک انکشاف بھی سن لیں۔۔جنوبی افریقا کے بینکوں میں کیش کی وصولی کے دو طریقے رائج ہیں۔۔ایک چیک دے کر، دوسرا پستول دکھا کر۔۔ دوسرا طریقہ عوام میں زیادہ مقبول ہے کیوں کہ یہاں کے بینکوں میں چیک دیکر رقم کیش کرانے میں خاصا وقت لگتا ہے۔


ای پیپر