قندیل بلوچ کا قاتل بھائی بیرون ملک سے گرفتار
04 May 2019 (15:47) 2019-05-04

ملتان : قندیل بلوچ قتل کیس کے ایک اور نامزد ملزم قندیل بلوچ کے بھائی عارف کو انٹرپول کے ذریعے سعودی عرب میں گرفتار کر لیا گیا ۔ملتان پولیس کے مطابق انٹرپول کے ذریعے قندیل بلوچ قتل کیس کے نامزد ملزم عارف کو سعودی عرب کے شہر جدہ سے اس کے کفیل کی مدد سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔

ملزم عارف پر الزام ہے کہ وہ قتل کے وقت مرکزی ملزم وسیم سے ٹیلی فونک رابطے میں تھا، جس کے شواہد وسیم کے موبائل فون کی فرانزک رپورٹ میں ملے تھے۔دوسری جانب قندیل بلوچ کی والدہ انور بی بی نے کہا ہے کہ میرا بیٹا عارف بے گناہ ہے، مفتی عبدالقوی نے اس قتل میں میرے سارے بیٹوں کو پھنسایا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں کچھ علم نہیں کہ گرفتاری کے بعد عارف کو کہاں رکھا گیا ہے، عارف کو کچھ بھی ہوا تو اس کی ذمے داری پولیس پر عائد ہو گی۔ قندیل کی والدہ نے یہ بھی کہا کہ ہمیں صرف سعودی عرب سے عارف کی گرفتاری کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔واضح رہے کہ ماڈل قندیل بلوچ کو 15 جولائی 2016 کی شب ملتان کے علاقے مظفر آباد میں قتل کر دیا گیا تھا ۔


ای پیپر