وزیراعظم نے ایم کیو ایم قیادت کو ملاقات کی دعوت دے دی
سورس:   فائل فوٹو
04 مارچ 2021 (17:44) 2021-03-04

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ایم کیو ایم کے کنونیئر خالد مقبول صدیقی اور وفد کو ملاقات کی دعوت دی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اپنی اتحادی جماعت ایم کیو ایم کے کنونئیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے فون پر رابطہ کیا اور سینیٹ انتخابات سمیت اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے فیصلے پر مشاورت کی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے خالد مقبول صدیقی سے وفاق اور صوبے میں سینیٹ نشستوں پر حمایت اور ووٹ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ ایم کیو ایم کے وفد کو اسلام آباد آنے اور ملاقات کی دعوت بھی دی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم ملاقات میں ایم کیوایم قیادت کو اعتماد کے لیے ووٹ دینے سمیت دیگر اہم معاملات پر مشاورت کریں گے۔

اس سے قبل وزیراعظم نے حکومتی اراکین کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار کی خاطر خاموش ہو کر نہیں بیٹھوں گا، پہلے ہی پتہ تھا سینیٹ الیکشن میں پیسہ چلے گا اور عہدے کیلئے اپنا مقصد نہیں بدل سکتا جبکہ نظام کی تبدیلی میرا مشن ہے۔ ان کا  مزید کہنا تھا کہ عوامی نمائندوں کو مجھ پر اعتماد نہیں تو کھل کر اظہار کریں اور اپوزیشن کی پیسے کی سیاست کو بے نقاب کرتا رہوں گا جبکہ یہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی اور شفافیت کیلئے ہر فورم پر جائیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی جنرل سیٹ پر خلاف توقع پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی جیت گئے اور حکومتی امدیوار حفیظ شیخ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا اور سینیٹ انتخابات کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں پارٹی اور وزیر اعظم عمران خان نے ایوان سے ووٹ لینے کا فیصلہ کیا۔ 

بشکریہ(نیو نیوز)


ای پیپر