In case of no confidence, Prime Minister will dissolve the Assemblies: Sources
کیپشن:   فائل فوٹو
04 مارچ 2021 (11:31) 2021-03-04

اسلام آباد: میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے فیصلہ کیا ہے کہ ایوان نے اگر ان پر عدم اعتماد کیا تو وہ اسمبلیوں کو تحلیل کر دیں گے۔

خبریں ہیں کہ وزیراعظم عمران خان نے سینیٹ الیکشن میں حکومتی امیدوار عبدالحفیظ شیخ کی شکست کے بعد پارٹی کا اہم اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں ناکامی کی وجوہات اور ایوان سے اعتماد کا ووٹ لینے پر بات کی جائے گی۔

وزیراعظم کے زیر صدارت ہونے والے اس اہم اجلاس میں ملک کی موجودہ صورتحال، معیشت اور مہنگائی جیسے عوامی مسائل پر بھی غور کیا جائے گا اور آئندہ کیا حکمت عملی اختیار کی جائے اس پر بات کی جائے گی۔

میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کو اگر ایوان سے عدم اعتماد کا ووٹ ملا تو وہ اسمبلیوں کو تحلیل کر دیں گے۔

عبدالحفیظ شیخ کی سینیٹ انتخابات میں ناکامی کے بعد بھی وزیراعظم کے زیر صدارت ایک اہم اجلاس ہوا تھا جس میں انھیں بریفنگ دی گئی تھی۔ اس اجلاس میں وزیراعظم نے فیصلہ کیا تھا کہ میرا مقصد اپوزیشن کی جانب سے جاری پیسے کی سیاست کو بے نقاب کرنا ہے، اسی لئے میں نے فیصلہ کیا ہے کہ ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کروں۔

وزیراعظم عمران خان نے انتہائی سخت الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے کہا کہ جو مجھ پر اعتماد نہیں کرتا وہ میرے سامنے آکر اس کا اظہار کرے میں چوہوں کی طرح حکومت نہیں کرنا چاہتا۔

انہوں نے واضح کیا کہ مجھے اقتدار کسی صورت عزیز نہیں ہے، اگر ایسا ہوتا تو میں چپ ہو کر بیٹھ جاتا لیکن اس ملک میں سسٹم کی تبدیلی ہی میرا مشن ہے۔ اگر عوام کے نمائندے سمجھتے ہیں کہ انھیں مجھ پر اعتماد نہیں ہے تو وہ میرے سامنے آئیں۔


ای پیپر