Two US states announce lifting of global pandemic sanctions
کیپشن:   فائل فوٹو
04 مارچ 2021 (07:42) 2021-03-04

آسٹن: امریکا کی دو اہم ریاستوں ٹیکساس اور مسی سپی نے عالمی وبا کے دوران عوام پر عائد پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

ریاست ٹیکساس کے حکام کی جانب سے اعلان کیا گیا ہے کہ آئندہ ہفتے تمام کاروباری سرگرمیوں پر عائد پابندیاں ہٹاتے ہوئے انھیں بحال کر دیا جائے گا جبکہ مسی سپی حکام کی جانب سے بھی آج اسی قسم کی پابندیاں ہٹانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

امریکی محکمہ صحت کے حکام نے دونوں اہم ریاستوں کے اس اعلان پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے جلد بازی میں لیا گیا فیصلہ قرار دیدیا ہے۔

بیماریوں کی روک تھام کے ادارے سینٹر فور ڈزیز کنٹرول کے سربراہ روشل والسنکی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیکساس اور مسی سپی کے حکام انتہائی جلد بازی سے کام لے رہے ہیں۔ ہم نے بہت محنت سے اس وبا پر قابو پانے کی کوشش کی ہے، دونوں ریاستیں اس کامیابی کو ناکام کرنے کے درپے ہو چکی ہیں۔

روشل والسنکی کا کہنا تھا کہ رواں سال جنوری سے عالمی وبا کے کیسز میں کمی دیکھی جا رہی تھی لیکن اب دوبارہ روزانہ ستر ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں۔

ادھر امریکی صدر جوزف بائیڈن نے بھی اپنی عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس عالمی وبا سے بچنے کیلئے احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں کیونکہ 2022ء میں بھی اس سے چھٹکارے کی کوئی امید نظر نہیں آ رہی۔

یہ بات ذہن نشین رہے کہ امریکا میں اس وقت عالمی وبا کے کیسز کی مجموعی تعداد دو کروڑ تراونے لاکھ، چوراسی ہزار ہو چکی ہے، جبکہ اس مرض سے مرنے والوں کی تعداد 5 لاکھ انتیس ہزار پانچ سو ہو گئی ہے۔


ای پیپر