مشکل میں ایثار اور حب الوطنی کا جذبہ طاقتور فورس بناتا ہے:آرمی چیف
04 مارچ 2020 (20:16) 2020-03-04

راولپنڈی : پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے کھاریاں کے قریب تربیتی علاقے کا دورہ کیا اور وہاں جاری انٹرنیشنل پاکستان آرمی ٹیم اسپرٹ کے مقابلے دیکھے۔

بدھ کو پاک فوج کے ترجمان ادارے (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ان مقابلوں میں کراچی کور نے پہلی، ملتان کور نے دوسری اور راولپنڈی کورنے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ترکی نے بین الاقوامی ٹیموں میں گولڈ میڈل حاصل کیا، سعودی عرب، سری لنکا اور جنوبی افریقا کی ٹیموں کو سلور میڈلز دیے گئے۔ پاک فضائیہ کی ٹیم نے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں آرمی چیف نے کہا کہ ایسے مقابلوں اور بہترین تجربوں کے تبادلے سے لڑنے کی مہارت بہترہوگی،ایسے مقابلوں سے شریک ملکوں کی افواج کو جوڑنے میں مدد ملے گی۔ آرمی چیف نے مقابلے کی کامیاب تکمیل پر شرکاء کو مبارکباد بھی دی۔

انہوں نے کہا کہ تربیت اور ٹیم ورک ہر سپاہی کا درپیش چیلنجز میں طرہ امتیاز ہوتا ہے، ہرایک کو فوری جواب کیلئے جسمانی اور ذہنی طور پرفٹ رہنا ہے، مشکل میں ایثار اور حب الوطنی کا جذبہ طاقتور فورس بناتا ہے۔


ای پیپر