طالبان نے امن معاہدے کی دھجیاں اڑا دیں ،16فوجی مار دئیے
04 مارچ 2020 (17:16) 2020-03-04

قندھار :امریکہ ، طالبان امن معاہدے کے چاروز بعد ہی دو نوں فریقین میں لڑائی دوبارہ شروع ہو گئی ،صوبہ قندوز میں طالبان نے 16 افغان فوجی مار دیے جبکہ 10کو یرغمال بنالیا۔

افغان خبررساں ادارے نے صوبائی ترجمان فاطمہ عزیزکے حوالے سے بتایا ہے کہ واقعہ باغ شرکت میں پیش آیا جہاں افغان فوج کے اہلکارلقمہ اجل بن گئے،یہ حملہ افغان طالبان اورامریکہ میں جنگ بندی کے معاہدے کے محض چارروز بعد کیاگیا ہے۔پیرکو طالبان کی جانب سے افغان فوجیوں کیخلاف بھرپور کارروائی کا اعلان کیاگیاتھا۔

دوسری جانب گزشتہ شب امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ اورافغان طالبان کے رہنما ملا عبدالغنی برادرکے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے۔ وائٹ ہاﺅس کے مطابق صدرٹرمپ اورطالبان لیڈر میں پینتیس منٹ تک بات چیت ہوئی جو مثبت رہی۔

یاد رہے کہ امریکا اورطالبان کے درمیان معاہدے میں قیدیوں کی رہائی کی بات بھی شامل تھی تاہم افغان صدراشرف غنی قیدیوں کی رہائی کے معاملے پرمتفق نہیں ہیں اس لیے پیرکو طالبان نے افغان فوجیوں پر حملے بڑھانے کااعلان کیاتھا۔


ای پیپر