فیصل سبزواری اہل خانہ سمیت کورونا وائرس میں مبتلا
04 جون 2020 (23:45) 2020-06-04

کراچی :متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیوایم) پاکستان کے رکن رابطہ کمیٹی فیصل سبزواری بھی کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔

جمعرات کو اپنے بیان میں فیصل سبزواری نے بتایا کہ گزشتہ دنوں میرے والدین، زوجہ، 2 بیٹیاں کورونا میں مبتلا ہوئے، آج میرا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا ہے۔ اہل خانہ میں صرف منجھلی بیٹی اور مدیحہ کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے ہیں۔ تمام احباب سے دعا کی درخواست ہے۔خدارا احتیاط کریں، محفوظ رہیں، کیونکہ ہسپتالوں میں جگہ کا کال ہے ۔

فیصل سبزواری نے تمام احباب سے دعا کی درخواست کی ہے۔ملک میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 1790 ہوگئی ہے جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد چین سے بھی تجاوز کرکے 86930 تک پہنچ گئی ہے۔

اب تک سندھ میں 575 اور پنجاب میں کورونا سے 607 افراد انتقال کرچکے ہیں جب کہ خیبر پختونخوا میں 500 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں 51 ، اسلام آباد 38، گلگت بلتستان میں 12 اور آزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 7 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔


ای پیپر