حکومت کو کورونا کا بہانہ مل گیا : احسن اقبال
04 جون 2020 (21:19) 2020-06-04

اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت کی توجہ کورونا کو قابو کرنے پر نہیں بلکہ شہباز شریف پر ہے،ملک میں کورونا کے باعث نیشنل ایمرجنسی ہے اور حکومت کا کام نظر نہیں آ رہا، ہمیں آنے والے بجٹ کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔

مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما احسن اقبال نے ایک انٹرویو میں کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے عدالتی فیصلے کا انتظار کیے بغیر عجلت سے کام لیا۔ قائد حزب اختلاف شہباز شریف نیب چھاپے کے وقت گھر پر نہیں تھے۔ عدالت نے گزشتہ روز سڑکوں پر سے رکاوٹیں ہٹانے کا کہا تھا لیکن حکومت کی توجہ کورونا کو قابو کرنے پر نہیں بلکہ شہباز شریف پر ہے۔ نواز شریف اور شہباز شریف عدالتوں میں پیش ہوتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملکی معیشت تباہ کی اور اب ان کو کورونا کا بہنانہ مل گیا، لاک ڈاوَ ن میں سختی یا نرمی کے حوالے سے حکومت اب بھی الجھن کا شکار ہے، قومی اسمبلی اجلاس میں شہباز شریف ضرور شرکت کریں گے۔

احسن اقبال نے کہا کہ شہباز شریف کی خواہش تھی کہ عدالت سماعت اسکائپ پر کرے کیونکہ ملک میں کورونا کے باعث نیشنل ایمرجنسی ہے اور حکومت کا کام نظر نہیں آ رہا۔ ہمیں آنے والے بجٹ کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے کیونکہ یہ معمولی بجٹ نہیں ہے۔ حکومت نے ملکی معیشت تباہ کی اور اب ان کو کورونا کا بہانہ مل گیا۔ 20 لاکھ نوجوان ہر سال مارکیٹ میں روزگار کے لیے آتا ہے۔ حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے سرمایہ کاری بند ہو گئی ہے۔ لوگوں نے ملک سے پیسہ اٹھا لیا اور وہ سرمایہ کاری کے لیے تیار نہیں ہیں کیونکہ سرمایہ کار خود کو ملک میں غیر محفوظ سمجھتا ہے۔


ای پیپر