پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شاندار جیت پر لیجنڈ کرکٹرز کی تعریفیں
04 جون 2019 (21:26) 2019-06-04

نوٹنگھم :پاکستان کی انگلینڈ کیخلاف شاندار فتح پر جہاں ملک سمیت ہر جگہ بسنے والے پاکستانی خوش ہیں اور پاکستان کی تعریفیں کر رہے ہیں وہیں غیرملکی سابق،موجودہ اورلیجنڈ کرکٹرز بھی پاکستان کی کارکردگی کی خوب تعریفیں کررہے ہیں۔

ویسٹ انڈیز ٹیم کے کھلاڑی کرس گیل نے پاکستان کی جیت کے بعد سوشل میڈیا پر لکھا کہ پاکستان نے شاندار کم بیک کیا۔انہوں نے اپنی ٹوئیٹ میں پاکستان کا پرچم بھی لگایا۔کمنٹریٹر آین بشپ نے سرفراز احمد کی خوب تعریف کی اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر لکھا کہ سرفرازکے پاس بہترین اعتماد اور اندرونی طاقت ہے۔انہوں نے قومی ٹیم کے کپتان کو مضبوط اور بہترین کردار والا انسان بھی قراردیا۔جنوبی افریقا کے سابق اوپننگ بیٹسمین ہرشل گبس نے بھی سوشل میڈیا پر پاکستان ٹیم کی تعریف کی۔

سابق انگلش کرکٹر مائیکل وان نے پاکستان ٹیم کی کارکردگی کو بہترین قرار دیا۔انہوں نے لکھا کہ پاکستان جیت کا مستحق تھا۔بھارت کے سابق بیٹسمین وی وی ایس لکشمن نے پاکستان کو شاندار فتح پر مبارکباد دی۔انہوں نے لکھا کہ پاکستان نے مشکل اور مضبوط ٹیم کیخلاف بہت ہی عمدہ کارکردگی دکھائی۔بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر وریندر سہواگ نے بھی قومی کرکٹ ٹیم کی تعریف اور حوصلہ افزائی کی ہے۔


ای پیپر