فوٹو بشکریہ پی سی بی ٹوئٹر

ورلڈ کپ 2019، پاکستان نے انگلینڈ کو 14 رنز سے شکست دیدی
04 جون 2019 (09:49) 2019-06-04

ناٹنگھم: پاکستانی ٹیم نے ورلڈ کپ کے اپنے دوسرے میچ میں انگلینڈ کی ٹیم کو 14 رنز سے شکست دیدی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم نے ورلڈ کپ کے اپنے دوسرے میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو 349 رنز کا ہدف دیا ، اوپننگ بلے باز امام الحق نے 58 گیندوں پر 44 رنز بنائے ، ان کی اننگز میں ایک چھکا اور تین چوکے شامل تھے۔

اوپننگ بلے باز فخر زمان نے چالیس گیندوں پر چھ چوکوں کی مدد سے 36 ، بابر اعظم نے 66 گیندوں پر چار چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 63 سکور کیے، محمد حفیظ نے 62 گیندوں پر دھواں دار اننگ کھیلتے ہوئے دو چھکوں اور آٹھ چوکوں کی مدد سے 84 سکور کیے، سرفراز احمد نے 55 رنز کی اننگ کھیلی۔

انگلینڈ کی جانب سے ووکس اور ایم علی نے تین تین وکٹیں حاصل کیں، ووڈ نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، مطلوبہ ہدف کے جواب میں میزبان ٹیم 9 وکٹوں پر 334 رنز ہی بنا سکی۔ جوئے روٹ نے 104 گیندوں پر 1 چھکے اور 10 چوکوں کی مدد سے 107 رنز بنائے۔

بریسٹو 32 اور مورگن 9 سکور بنا سکے ، بن سٹوکس نے 13 اور جوز بٹلر نے 103 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔

شاداب خان نے بہترین بائولنگ کرتے ہوئے دو وکٹیں حاصل کیں ، وہاب ریاض 3 محمد عامر 2، محمد حفیظ اور شعیب ملک نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی ، شعیب ملک نے دس رنز کے عوض ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔


ای پیپر