بالی ووڈ اداکارہ سونالی باندرے کینسر میں مبتلا

04 جولائی 2018 (17:42)

ممبئی:نامور بالی ووڈ اداکارہ سونالی باندرے کو کینسر جیسے موذی مرض کی تشخیص ہوئی ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق اداکارہ سونالی باندرے نے ٹوئٹر پر انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں کینسر جیسے موذی مرض کی تشخیص ہوئی ہے۔ انہوں نے یہ روح فرسا خبرٹوئٹر پر ایک پوسٹ شیئر کرکے سنائی۔

انہوں نے لکھا جب آپ زندگی سے کچھ زیادہ کی توقع نہیں رکھتے تو وہ آپ کو کسی گیند کی طرح پھینک دیتی ہے۔ مجھے حال ہی میں ہائی گریڈ کینسرکی تشخیص ہوئی ہے۔ جس میں جسم کے عضلات صحیح کام نہیں کرتے جب کہ یہ کینسر جسم میں زیادہ تیزی سے پھیلتا ہے۔ میرے جسم میں کچھ درد ہوا جس کے کچھ ٹیسٹ کروائے گئے جس کے بعد مجھے کینسر کا مرض تشخیص ہوا جو میرے لیے بہت ہی غیر متوقع تھا۔

میرے گھر والے اور قریبی دوست اس وقت میری مدد کے لیے میرے ساتھ ہیں، مجھ پر خدا کی بہت مہربانیاں ہیں، میں اپنے گھر والوں کی بہت شکرگزار ہوں۔ سونالی نے اپنی بیماری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس بیماری سے نمٹنے کا صرف ایک ہی طریقہ ہے کہ اس کے خلاف فورا ایکشن لیا جائے، لہذا اپنے ڈاکٹرز کے مشورے کے مطابق میں علاج کے لیے نیویارک میں موجود ہوں۔

میں اپنی بیماری سے ہر مرحلے پر لڑوں گی۔ پچھلے چند دنوں میں مجھے بہت سارا پیار ملا ہے جس کے لیے میں بہت شکرگزار ہوں، اس جنگ میں میری طاقت میرے گھروالے اور دوست ہیں جو ہمیشہ میرے پیچھے کھڑے ہیں۔

مزیدخبریں