nab court,fight,saad rafique,ahmed hassan,shahbaz sharif,intervening
04 جنوری 2021 (13:51) 2021-01-04

لاہور :خواجہ سعد رفیق اور خواجہ احمد حسان میں تلخ جملوں کا تبادلہ ٗ احتساب عدالت میں سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف پیشی کے دوران لیگی رہنمائوں میں بیچ بچائو کرواتے رہے۔ 

تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما سعد رفیق اور احمد حسان کے درمیان احتساب عدالت میں تلخ جملوں کا تبادلہ ہو گیا۔  احمد حسان نے سعد رفیق کو ’’ شٹ اپ ‘‘ کہا تو بات حد سے گزر گئی جس پر شہباز شریف کو اپنی کرسی سے اٹھ کر دونوں میں بیچ بچائو کروانا پڑا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر سعد رفیق کی طرف سے لاہور جلسہ کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی جا رہی تھی۔ اس موقع پر سعد رفیق نے جلسے میں احمد حسان کی کارکردگی پر سوالات اٹھا دئیے اور شہباز شریف کو یہ بتایا کہ لاہور جلسہ کے موقع پر جو بدانتظامی ہوئی اور جو وعد ے پورے نہیں ہوئے اس کی وجہ احمد حسان کی نااہلی رہی ہے۔

اس صورتحال پر خواجہ احمد حسان غصے میں آگئے اور انہوں نے سعد رفیق کی باتوں پر انہیں غلط قرار  دیتے ہوئے ’’شٹ اپ ‘‘ کہہ دیا جس پر سعد رفیق بھی غصے میں آگئے اور صورتحال اس حد تک نازک ہو گئی کہ شہباز شریف کو اپنی نشست سے اٹھ کر دونوں میں بیچ بچائو کروانا پڑا۔اس موقع پر خواجہ احمد حسان کویہ کہتے ہوئے بھی سنا گیا کہ’’ سعد رفیق میرے خلاف غلط باتیں شہباز شریف کو بتا رہا ہے ‘‘۔


ای پیپر