کوبی کی موت ایک صدمہ ہے، ویرات کوہلی
04 فروری 2020 (17:32) 2020-02-04

نئی دہلی :بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی امریکی باسکٹ بال پلیئر کوبی برائنٹ کی اچانک حادثاتی موت پر دل شکستہ ہو گئے اور کہا ہے کہ کوبی کی موت سب کے لیے ایک صدمہ ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز سے قبل میڈیا سے گفتگو کے دوران امریکی باسکٹ بال پلیئر کوبی برائنٹ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کوبی کی موت نے ان کا دل توڑ دیا ہے۔ ویرات کوہلی نے کہا کہ کوبی کی موت کی خبر دل دہلا دینے والی تھی اور یہ اچانک ہونے والا حادثہ ہر ایک کے لیے ایک صدمہ ہے۔بھارتی کپتان نے کہا کہ ہم کھلاڑی بس اپنے کھیل کے بارے میں سوچتے ہیں کہ ہم کس طرح اِس گیند کو کھیلیں گے وغیرہ، اس کے ساتھ ہی ہم اپنی زندگی کے بارے میں سوچنا چھوڑ دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کوبی کی اچانک موت نے مجھے اِس سوچ میں ڈال دیا ہے کہ کیا زندگی اتنی پیچیدہ بھی ہوسکتی ہے۔ ویرات کوہلی نے کہا کہ ہم سب چاہتے ہیں کہ ہم اپنی زندگی کے ہر اس لمحے سے لطف اندوز ہوں جس سے ہم گزر رہے ہیں اور ہمارے لیے سب سے اہم چیز ہماری اپنی زندگی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ 27 جنوری کو امریکی باسکٹ بال لیجنڈ کوبی برائنٹ اور ان کی 13 سالہ بیٹی گیانا سمیت 9 افراد امریکا کی ریاست کیلی فورنیا میں ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک ہوگئے تھے۔


ای پیپر