عمران خان یو ٹرن کے ماسٹر ہیں: شہباز شریف
04 دسمبر 2019 (19:56) 2019-12-04

لندن : پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان یوٹرن کے ماسٹر ہیں،پاکستان کی 71سالہ تاریخ میں اتنا جھوٹا وزیراعظم نہیں دیکھا۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف نے کہا کہ کچھ دنوں سے مسلم لیگ ن کے خلاف عمران خان نیازی نے جو گفتگو کی ہے اس سے احتیاط کروں گا اور سپریم کورٹ میں آشیانہ ہائوسنگ سکیم کے حوالے سے جو سماعت ہوئی ہے اور اس کے بعد نیب اور عمران خان نیازی کے گٹھ جوڑ نے میرے اثاثے منجمند کرنے کی خبریں آناًفاناً چلائیں۔ 100سال سے زائد ہو گئے ہیں اور مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ ہے، مقبوضہ وادی میں ظلم ، زیادتی اور بربریت کا راج ہے،مودی حکومت نے جوانسانیت سوز سلوک کئے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ بھارتی فوج کشمیریوں کو شہید کر رہی ہے اور عورتوں کے آنچل دن بدن پھٹ رہے ہیں جبکہ اس پر پوری دنیا خاموش ہے اور میں سمجھتا ہوں کہ مہذب دنیا کے ضمیر کے جاگنے کا وقت آگیا ہے، میں سمجھتا ہوں کہ پوری پاکستانی قوم کے ایک ہونے کا موقع آ گیا ہے لیکن حکومت نے یکجہتی کو خراب کرنے کی کوشش کی ہے جبکہ میں یہ بھی سمجھتا ہوں کہ ہم ایک قوم کی طرح ہو سکتے ہیں۔عدالت عظمی نے ہمیں سرخرو کیا اور نعیم بخاری نے عدالت میں کیس کی پیروی کی،14 فروری 2019کو بھی عدالت عالیہ نے دونوں کیسز میں ضمانت دی تھی اور اب پھر سے نیازی اور نیب گٹھ جوڑ ناکام ہوا ہے جبکہ نواز شریف کی بھی بے گناہی سامنے آتی رہے گی، آشیانہ کیس میں بھی دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو گیا ہے، مجھے صاف پانی کیس میں بلایا گیا اور آشیانہ میں گرفتار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ  عمران خان احسان فراموش اور غصے سے بھرا انسان ہے، ہم پرجھوٹے مقدمات بنا کر زہر اگلا گیا جبکہ عمران خان نے اپوزیشن کو دیوار سے لگا دیا ہے، ڈیڑھ سال میں ملک کا بیڑاغرق کر دیا ہے، عمران خان نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے، ملک مزید اس حکومت کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے اور جلد ان ہائوس تبدیلی لائی جائے، اس سے قوم کی بہتری ہو سکتی ہے، عمران خان کا چیمبر خالی ہے کوئی بات نہیں سمجھتے ہیں۔


ای پیپر