حکومت نے عوام کی خدمت کی یا نہیں یہ فیصلہ عوام کا ہو گا،مریم نواز
04 اپریل 2018 (20:11) 2018-04-04

سمندری:سابق وزیراعظم نوا زشریف کی صاحبزادی مریم نوازنے کہا ہے کہ ووٹ کو عزت دواب لوگوں کا نعرہ بن چکاہے جب جب یہ نعرہ سنتی ہوں دل خوش ہو جاتاہے ،بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نوازشریف کو نااہل کیا گیا ، نوازشریف کا ووٹر غصے میں ہے اور وہ اسے اپنی سیاسی انا کا مسئلہ بنا کر بیٹھا ہے ، حکومت نے عوام کی خدمت کی یا نہیں یہ فیصلہ عوام کا ہو گا ، الیکشن کا وقت آ گیاہے دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا ،اگلے پانچ سال جو آپ کے ووٹ سے منتخب ہر کر آئے اسے پانچ سال خدمت کا موقع ملنا چاہیے،وعدہ کرو کہ نوازشریف کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلو گے،صرف ووٹ نہیں دینا بلکہ ووٹ پر پہرہ بھی دیناہے،مشرف نے آئین کو جوتے کی نوک پر رکھا لیکن انہیں اس سب کے باوجود باہر جانے دیا گیا ۔

وہ بدھ کو سمندری میں چوہدری شریف مرحوم کی برسی پر تعزیتی ریفرنس سے خطاب کر رہی تھیں۔ مریم نواز نے کہا کہ چوہدری شہباز بابر کی شکل میں چوہدری شریف ہمارے درمیان موجود ہیں، فیصل آباد کے عوام کی محمد نواز شریف سے والہانہ محبت پر شکرگزار ہیں، ووٹ کو عزت دینے کی ذمہ داری عوام نے اپنے سر لے لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف پر اربوں کھربوں روپے کی کرپشن کے الزامات لگائے گئے مگر فیصلہ صرف اقامہ پر کیا گیا، یہ کہا گیا کہ آپ نے اپنے اثاثوں میں جو تنخواہ وصول نہیں کی اسے لکھا کیوں نہیں ، بھلا جس چیز کا وجود ہی نہ ہو اسے کیسے ڈکلیئر کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آئین توڑنے والے مشرف کو کچھ نہیں کہا جاتا، اس پر مقدمہ بنا تو وہ کمر درد کا بہانہ بناکرآئین و قانون کو مکے دکھا کر ملک سے فرار ہو گیا، اگر کسی کا زور چلتا ہے تو صرف ووٹ کی پرچی پر چلتا ہے، عام عوام پر زور چلتا ہے،بھائیو بتاﺅ! اس روایت کو ختم کرنا ہے یا نہیں کرنا ہے، میرے ساتھ وعدہ کرو کہ نواز شریف کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چلو گے، اپنے ووٹ کی عزت کرواﺅ گے اور کسی کو اجازت نہیں دو گے کہ آپ کی بے عزتی کرے، ووٹ کی بے عزتی کرے اور آپ کے ووٹ سے آنے والے کی بے عزتی کرے، آئین و قانون کی بے عزتی کرے۔ مریم نواز نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں 2مہینے رہ گئے، آپ نے ہمارا ساتھ دینا ہے، اب کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دینی، اب ہم نے ووٹ بھی دینا ہے اور ووٹ پر پہرہ بھی دینا ہے، سازش کرنے والوں کو بتا دینا کہ ہم 2018کے انتخاب میں انہیں کوئی اہمیت نہیں دینی ہے، آندھی آئے، طوفان آئے مگر اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹنا، دھرنوں اور احتجاج کے باوجود میاں نواز شریف نے ملک کےلئے کام کیا، سی پیک لے کر آئے، روڈز بنائے، بجلی گھر لگائے، پاکستان میں کونسا وزیراعظم آئے گا کون سا جائے گا، یہ فیصلہ صرف ووٹ سے ہونا چاہیے۔


ای پیپر