زرداری جو کام کر رہے ہیں وہ شرمناک ہے : میاں نواز شریف
04 اپریل 2018 (13:41) 2018-04-04


اسلام آباد:سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان بتائیں کیا ان کے لوگوں نے ڈپٹی چیئرمین کیلئے تیر پر مہر نہیں لگائی‘اندر کی بات نہیں جانتا لیکن زرداری جو کام کررہے ہیں وہ شرمناک ہے ‘لوگ نسلوں سے فیصلوں کا انتظار کررہے ہیں لیکن چیف جسٹس دودھ کی کوالٹی چیک کررہے ہیں ‘بلوچستان میں دو تین ماہ میں جو تبدیلیاں آئیں ان سے بہت سے سوالات نے جنم لیا ‘انہی تبدیلیوں کی وجہ سے بلوچستان کی صوبائی حکومت تبدیل ہوئی‘ انہی تبدیلیوں کی وجہ سے چیئرمین سینیٹ کیلئے بھی ووٹ اور وفاداریاں خریدی گئیں‘چیف جسٹس اور شاہد خاقان کے حوالے سے وزیراعظم سے بات نہیں ہوئی، ملاقات ہونے پر آگاہ کروں گا۔


بدھ کو ایون فیلڈ ضمنی ریفرنس میں پیشی سے قبل صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم کہا کہ ابھی تو مجھے اپنی بیمار اہلیہ کی عیادت کیلئے جانے کی اجازت نہیں دی، ڈاکٹرز نے کہا تھا کہ مشاورت کیلئے میرا اہلیہ کے پاس ہونا ضروری ہے ۔اس موقع پر صحافی نے سوال کیا کہ جج صاحب نے کہا تھا کہ آپ کے پاس پانچ دن تھے آپ جاسکتے تھے، نوازشریف نے جواب دیا کہ لندن جانے اور آنے میں دو دن لگتے ہیں ، ان دنوں ویک اینڈ تھا، ڈاکٹرز ہفتہ اور اتوارمشاورت نہیں کرتے۔


نوازشریف کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دو تین ماہ میں جو تبدیلیاں آئیں، ان سے بہت سے سوالات نے جنم لیا ہے انہی تبدیلیوں کی وجہ سے بلوچستان کی صوبائی حکومت تبدیل ہوئی، انہی تبدیلیوں کی وجہ سے چیئرمین سینیٹ کیلئے بھی ووٹ اور وفاداریاں خریدی گئیں۔عمران خان اور آصف زرداری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے قائد مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ عمران خان بتائیں کیا ان کے لوگوں نے ڈپٹی چیئرمین کیلئے تیر پر مہر نہیں لگائی، میں اندر کی بات نہیں جانتا لیکن زرداری جو کام کررہے ہیں وہ شرمناک ہے ۔ نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ لوگ نسلوں سے فیصلوں کا انتظار کررہے ہیں لیکن چیف جسٹس دودھ کی کوالٹی چیک کررہے ہیں ۔اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا کہ چیف جسٹس اور شاہد خاقان کے حوالے سے وزیراعظم سے بات نہیں ہوئی، ملاقات ہونے پر آگاہ کروں گا۔


ای پیپر