فوٹوبشکریہ فیس بک

میرے بیان کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا: رانا مشہود
03 اکتوبر 2018 (13:12) 2018-10-03

لاہور: رانا مشہود اپنے ہی بیان سے مکر گئے، کل دعویٰ کیا اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل ہوئی آج کہتے ہیں جوبات کہی تھی اسے سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا۔

پیالی میں طوفان اٹھا تو رانا مشہود یوٹرن لیتے ہوئے بیک فٹ پر چلے گئے۔ کہا انکے بیان کو توڑ مروڑ کر سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، جس نے میرا کل والا انٹر ویو دیکھا وہ ہی اس پر کمنٹ کرے۔

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے ڈیل اس بات کا کوئی سر، پیر ہی نہیں۔ رانا مشہود کو شو کاز نوٹس جاری کر رہے ہیں۔

احتساب عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ رانا مشہود نے انتہائی غیر ذمہ درانہ بات کی اس بیان پر ہمارے پارٹی کا موقف سامنے آچکا ہے۔

اس سے پہلے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے احتساب عدالت میں نواز شریف سے ملاقات کی دونوں بھائیوں نے 10 منٹ تک گفتگو کی۔

ادھر حمزہ شہباز نے بھی رانا مشہود کے بیان سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا، کہتے ہیں کہ رانا مشہود کا بیان ذاتی موقف ہے، پارٹی کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز رانا مشہود پہلے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے فرنٹ فٹ پر آئے، بولے مسلم لیگ نون کے"اسٹیبلشمنٹ" سے معاملات ٹھیک ہوگئے ہیں، دو ماہ میں پنجاب میں ن لیگ "دوبارہ "حکومت بنائے گی۔ اسٹیبلشمنٹ کو اب سمجھ آگئی ہے، جسے گھوڑا سمجھا تھا وہ تو خچر ہے۔

جس کے ردعمل میں ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ رانا مشہود کا بیان بے بنیاد اور افسوس ناک ہے۔ ٹویٹ میں انہوں نے رانا مشہود کے بیان کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ میجر جنرل آصف غفور کہتے ہیں ایسے غیر ذمے دارانہ بیانات ملکی استحکام کیلئے نقصان دہ ہیں۔


ای پیپر