فائل فوٹو

والد نے رابی پیرزادہ کی خود کشی کی خبروں کی تردید کر دی
03 نومبر 2019 (13:37) 2019-11-03

لاہور: گلوکارہ رابی پیرزادہ کے والد ہمایوں پیرزادہ نے بیٹی کی خود کشی سے متعلق خبروں کی تردید کر دی۔

گزشتہ روز گلو کارہ رابی پیرزادہ کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی نازیبا اور غیر اخلاقی ویڈیوز نے تہلکہ مچادیا تھا اور دیکھتے ہی دیکھتے ٹوئٹر پر بھی ٹاپ ٹرینڈ بن گیا تھا جس کے بعد وہ سوشل میڈیا پر شدید تنقید کی زد میں آگئیں، کئی صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ بہت سے لوگ ان کی حمایت میں آگے بھی آئے۔

رابی پیرزادہ نے اپنی لیک ہونے والی ویڈیوز کے خلاف فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے سائبر کرائم ونگ لاہور میں تحقیقات کی درخواست دائر کی جس پر ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے گلوکارہ کی نازیبا تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل کیے جانے کے خلاف تحقیقات شروع کردی ہیں۔

تاہم اب رابی پیر زادہ کی سوشل میڈیا پر خودکشی کی خبریں زیر گردش ہیں جس پر گلوکارہ کے والد ہمایوں پیرزادہ نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ رابی بالکل ٹھیک ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وائرل ہونے والی ویڈیوز پر رابی پیرزادہ نے کہا تھا کہ انہوں نے اپنے موبائل فون میں کچھ خرابی آنے کے باعث اسے ٹھیک کرنے کیلئے دیا تھا اور کسی نے ان کے موبائل فون سے ان کی ویڈیوز اور تصاویر چرا کر انہیں سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کر دیا تھا۔


ای پیپر