People, NCOC guidelines, coronavirus, President Arif Alvi, Pakistan, PTI government
03 May 2021 (15:35) 2021-05-03

اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کیلئے عوام این سی او سی کی ہدایات پر عمل کریں ۔

اپنے بیان میں صدر عارف علوی نے کہا کہ شہری بازاروں ، مارکیٹوں ، مساجد اور دیگر اجتماعات میں ایس اوپیز کا خیال رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ علمائے کرام پر بھی عوام کی رہنمائی کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے ، علمائے کرام مساجد میں ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائیں ۔

واضح رہے کہ پاکستان میں عالمی وبا سے مزید 79 مریض انتقال کرگئے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا سے جاں بحق افراد کی تعداد 18 ہزار 149 ہوگئی ۔ چوبیس گھنٹے کے دوران 45 ہزار 954 کورونا ٹیسٹ کیے گئے ، جن میں سے 4 ہزار 213 نئے کیس رپورٹ ہوئے ۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ، ملک بھر میں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح 9.16 فیصد رہی ۔

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ پاکستان میں 10 کروڑ آبادی ویکسی نیشن کے لیے اہل ہے جبکہ حکومت 3 کروڑ ویکسین کی خریداری کا معاہدہ کرچکی ہے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ آج سے 40 سال سے زائد عمر کے لوگوں کی ویکسی نیشن شروع ہو گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کنسائنو ویکسین کی ٹیکنالوجی کی فراہمی میں چین نے اہم کردار ادا کیا ، جون تک ویکسین کی ایک کروڑ 90 لاکھ ڈوز موصول ہوجائیں گی ۔

معاون خصوصی نے کہا کہ حکومت نے ویکسی نیشن کا عمل مربوط حکمت عملی سے شروع کیا ۔ ویکسین بنانے والے بہت سے ممالک نے ایکسپورٹ پر پابندی لگا رکھی ہے ، ویکسین دستیاب ہوگی تو لوگ خرید سکیں گے ۔


ای پیپر