پیپلز پارٹی صحافیوں کیخلاف جاری جرائم کی روک تھام کریگی : بلاول بھٹو زرداری
03 مئی 2018 (13:31) 2018-05-03

کراچی:پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقعے پر میں پاکستانی میڈیا سے منسلک ورکرز کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان پیپلز پارٹی صحافیوں کے خلاف بلا روک و ٹوک جاری جرائم کی روک تھام کرے گی اور اس کو پارٹی منشور کا حصہ بھی بنایا جائے گا۔


آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ بہت ہی افسوسناک ہے کہ گزشتہ دہائی کے دوران پاکستان میں بہت سارے صحافی قتل کئے گئے یا انہیں کسی دوسرے طریقے سے نشانہ بنایا گیا لیکن تقریبا ان تمام مقدمات میں ملوث ملزمان قانون کی گرفت سے آزاد ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کی بلا روک و ٹوک جرائم کی روک تھام ضروری ہے اور ایسا ہو کر رہے گا۔انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی صحافیوں کے مقدمات کی پیروی کے لئے ایک غیرجانبدار اسپیشل پراسیکوٹر جنرل مقرر کرے گی اور اس طرح کے واقعات کے متاثر صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کی امداد کے لئے جرنلسٹس پروٹیکشن فنڈ قائم کرے گی۔


بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جو لوگ صحافیوں پر حملے کرتے یا جرائم میں ملوث ہیں وہ آزادی اظہار اور مثبت خیالات سے خوفزدہ ہیں۔ پیپلز پارٹی ایسے عناصر کو بے نقاب کرے گی اور انہیں قانون کی گرفت میں لائے گی۔پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ان کی پارٹی نظریئے اور امن امان کے نام پر اظہار آزادی پر لگائی جانے والی دانستہ عائد قدغنیں ہٹا دے گی۔انہوں نے کہا کہ معلومات اور خیالات کی آزادنہ ترسیل شہریوں کو تقویت دیتی ہے اور اس کے لئے ضروری ہے کہ میڈیا کے لوگ اپنی پیشہ ورانہ ذمے داریاں بے خوف و خطر ادا کر سکیں۔


ای پیپر