انڈیا میں پاکستان زندہ باد کا نعرہ ایک بار پھر بلند
03 مارچ 2020 (23:34) 2020-03-03

نئی دہلی:یہ واقعہ بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر کندا پور میں پیش آیا۔ پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے والے اس انڈین شہری کی شناخت راگھویندر کے نام سے ہوئی ہے۔

                                                                                                                                     

تفصیلات کے مطابق بھارت میں ایک بار پھر پاکستان کی حمایت میں نعروں کی گونج سنائی دی ہے۔ حالیہ واقعہ ریاست کرناٹک کے شہر کندا پور میں پیش آیا جہاں ایک انڈین شہری نے پولیس کے سامنے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگا دیئے۔راگھویندر نامی 42 سالہ شہری نے سرکاری دفتر میں داخل ہو کر وہاں پولیس کی موجودگی میں پاکستان کے حق میں نعرے بلند کرنا شروع کر دیے۔وہاں موجود لوگوں نے اس شخص کی موبائل کے ذریعے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کر دی جو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہو گئی۔

راگھویندر کو جب پولیس نے حراست میں لیا، تب بھی وہ بار بار پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتا رہا۔مقامی لوگوں اور کنداپور کے تحصیلدار کی جانب سے اس شخص کے خلاف پولیس میں تحریری شکایت درج کروانے کے بعد پولیس نے راگھویندر کے خلاف ملک سے غداری کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔ دوسری جانب یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ پاکستان زندہ باد کے نعرے لگانے والا یہ شخص 8 سال قبل ٹیچر کے طور پر خدمات انجام دے رہا تھا لیکن ذہنی پریشانی میں مبتلا ہونے کی وجہ سے اسے سکول سے برطرف کر دیا گیا۔بھارتی پولیس نے راگھویندر کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے اور اس کیخلاف ملک سے غداری کا مقدمہ درج ہوا ہے۔


ای پیپر