ترکی کے بعد ایران نے بھی بھارت کیخلاف آواز بلند کر دی :فردوس عاشق اعوان
03 مارچ 2020 (17:35) 2020-03-03

اسلام آباد :وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ اقلیتوں خاص طور پر نہتے، بے گناہ عام مسلمان شہریوں کی نسل کشی کے خلاف آر ایس ایس کی پروردہ ہندتوا بھارتی حکومت کی مذمت میں دنیا ایک آواز ہوچکی ہے، ترکی کے بعد ایران کا بھارت میں مسلمانوں کا قتل عام رکوانے کے مطالبہ سے مظلوموں کو حوصلہ ملا ہے۔

ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ مغربی دنیا کے علاوہ مسلمان ممالک کی جانب سے بے گناہوں کے قتل عام پر بھارتی جنونی حکومت کے خلاف متفقہ اقدامات کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ مسلمانوں کی نسل کشی کرنے والے آج کے ہٹلر کا ہاتھ روکنا ہوگا،جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے یک طرفہ اقدام ہے۔

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ وادی میں انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں، بھارت میں اقلیتوں پر جبرواستبداد سے لیکر دہلی میں مسلمانوں کے قتل عام تک مودی کاہر فسطائی عمل تاریخ میں سیاہ باب کے طور پر لکھا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ایران کے وزیرخارجہ کی بھارتی غنڈہ گردی کی مذمت خوش آئند ہے۔

انہوںنے کہاکہ مسلمانوں پر ہونے والے بہیمانہ تشدد نے دنیا کو دہلا کر رکھ دیا ہے۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ کوئی مہذب معاشرہ یا ملک ظلم وستم کا ساتھ نہیں دے سکتا۔ ایران نے واضح کیا ہے کہ آگے بڑھنے کا راستہ پرامن ڈائیلاگ اور قانون کی حکمرانی ہے۔


ای پیپر