سعودی عرب میں بھی کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا
03 مارچ 2020 (16:06) 2020-03-03

ریاض: سعودی عرب میں بھی کرونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا۔ بحرین کے راستے سعودی عرب میں داخل ہونے والے شہری میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ سعودی شہری ایران سے بذریعہ بحرین سعودی عرب میں داخل ہوا تھا جس کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں لائی گئی ہیں۔

سعودی وزارت صحت کے حکام کے مطابق متاثرہ شہری کو ہسپتال میں آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

حکام نے بتایا کہ متاثرہ شہری سے ملنے والے افراد کی فہرست بھی تیار کرلی گئی ہے جن میں کچھ کے نمونے بھی حاصل کرلیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ سعودی عرب نے کرونا وائرس سے متاثرہ ملکوں کے عمرہ زائرین کے مکہ اور مدینہ میں داخلے پر پابندی عائد کردی تھی جس کے باعث ہزاروں افراد کے ویزے منسوخ کیے گئے۔

پاکستان میں بھی کرونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد عمرہ زائرین کو جہاز سے آف لوڈ کردیا گیا تھا۔


ای پیپر