سینٹ الیکشن ،کون جیتا کون ہارا ، مکمل تفصیلات سامنے آگئیں

03 مارچ 2018 (21:16)

لاہور: سینٹ میں پنجاب کی 12نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ امیدواروں نے میدان مار لیا ہے جبکہ 1نشست پر پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار چوہدری سرور اور پی ایم ایل (ن) کے امیدوار محمود الحسن کے درمیان سخت مقابلے کے بعد پی ٹی آئی کے امیدوار چوہدری محمد سرور کامیاب قرار پا گئے ہیں۔

سینٹ کے انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کامیاب ہونے والے امیدواروں میں اسحاق ڈار، نزہت صادق، آصف کرمانی، مصدق ملک، سعدیہ عباسی، رانا مقبول، ہارون اختر، حافظ عبدالکریم، کامران مائیکل، زبیر گل، شاہین خالد بٹ شامل ہیں، سینٹ میں پنجاب کی 12 نشستوں جن میں سات جنرل نشستیں دو ٹیکنو کریٹ، دو خواتین اور ایک مینارٹی کی نشست شامل تھی پر انتخابات ہوئے الیکشن کمیشن پنجاب کی جانب سے جاری کردہ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق سینٹ کی سات جنرل نشستوں پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے آصف کرمانی، مصدق ملک، رانا مقبول، ہارون اختر، زبیر گل، شاہین خالد بٹ، ٹیکنو کریٹس کی دو نشستوں پر اسحاق ڈار اور حافظ عبدالکریم، خواتین کی دو نشستوں پر وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی ہمشیرہ سعدیہ عباسی اور نزہت صادق جبکہ اقلیتی ایک نشست پر کامران مائیکل کامیاب قرار پائے ہیں۔

پنجاب کی 12 نشستوں پر پاکستان مسلم لیگ (ن)، پاکستان تحریک انصاف، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے 20 امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا، ووٹنگ کا عمل صبح نو بجے سے شروع ہو کر شام 4 بجے تک جاری رہا، سینٹ کی خالی نشستوں پر ہونے والے انتخابات کے انعقاد کے موقعہ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، تمام دن مختلف امیدوار اور ان کے حمایتی ارکان اسمبلی اپنے اپنے امیدواروں کی حمایت میں ووٹ مانگتے رہے، اس طرح مجموعی طور پر سینٹ کی 12 نشستوں پر انتخاب پرامن طریقے سے مکمل ہو گیا۔ غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج منظر عام پر آتے ہی پنجاب اسمبلی میں موجود (ن) لیگی کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، پنجاب اسمبلی کی فضا شیر آیا، شیر آیا، میاں دے نعرے وجن گے“ کے نعروں سے گونجتی رہی، اس موقعہ پر لیگی کارکنوں نے خوشی میں بھنگڑے بھی ڈالے اور مٹھائی بھی تقسیم کی۔

مزیدخبریں