سینٹ الیکشن میں پولنگ کا وقت ختم ،غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج سامنے آگئے
03 مارچ 2018 (17:42) 2018-03-03

اسلام آباد :سینیٹ کی 52 نشستوں پر 113 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ کامیاب امیدوار 6 سال کے لیے ملک کے ایوان بالا سینیٹ کے رکن منتخب ہوجائیں گے۔مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں نے پہلی مرتبہ سینیٹ انتخابات میں آزاد امیدواروں کی حیثیت سے حصہ لیا۔ قومی اسمبلی اور ملک کی چاروں صوبائی اسمبلیوں میں صبح 9 بجے پولنگ شروع ہوئی جو شام 4 بجے تک بلا تاخیر جاری رہی۔ پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد اسمبلیوں کے دروازے بند کردیے گئے اور اب الیکشن کمیشن کا عملہ ووٹوں کی گنتی میں مصروف ہے۔ غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پنجاب اور اسلام آباد میں (ن) لیگ کے حمایت یافتہ امیدوار کامیاب ہوگئے ہیں۔

غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق پنجاب سے سینیٹ کی 12 میں سے 11 نشستوں پر مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ امیدوار کامیاب ہوگئے ہیں۔ جنرل نشست پر مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ ڈاکٹر آصف کرمانی، رانا مقبول احمد، زبیر گل، شاہین خالد بٹ ، مصدق ملک اور ہارون اختر کو کامیابی حاصل ہوئی۔ ٹیکنو کریٹ سیٹ پر سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور حافظ عبدالکریم کو فتح حاصل ہوئی۔ اقلیتوں کی نشستوں پر کامران مائیکل جبکہ خواتین کی نشستوں پر سعدیہ عباسی اور نزہت صادق کامیاب ہوئیں۔ ایک جنرل نشست پر رانا محمود الحسن اور چوہدری سرور کے درمیان سخت مقابلہ ہے۔


ای پیپر