جج ارشد ملک کی برطرفی، مریم نواز نے خاموشی توڑ دی
03 جولائی 2020 (18:01) 2020-07-03

لاہور: مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز شریف نے جج ارشد ملک بارے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو سچ کی فتح قرار دیدیا ۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے بیان میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ اللہ کا بے انتہا شکر جس کے ہاں نہ دیر ہے نہ اندھیر۔ اب عدلیہ کے وقار اور انصاف کا تقاضہ ہے کہ داغدار جج کے داغدار فیصلوں کو بھی پھاڑ پھینکا جائے،انہوں نے لکھا کہ آج کا فیصلہ بے شک سچ کی فتح اور جھوٹ کی شکست ہے۔ اس فیصلے نے نواز شریف پر ہی نہیں، عدل وانصاف کے دامن پر لگا ایک بڑا داغ دھویا ہے۔

مریم نواز شریف نے لکھا کہ تین بار ملک کے وزیراعظم رہنے والے مقبول ترین سیاستدان کی بے گناہی پر وقت کا فیصلہ آ گیا ہے۔ سات محترم جج صاحبان نے جج کی برطرفی کے ذریعے واضح کر دیا کہ نوازشریف کو کس طرح سزائیں دی گئیں،ان کا کہنا تھا کہ انصاف کبھی ادھورا نہیں ہوتا۔ مکمل انصاف کا تقاضہ ہے کہ جس طرح جج کو برطرف کیا گیا ہے اسی طرح اس کے بدعنوان فیصلوں کو بھی کالعدم قرار دیا جائے۔


ای پیپر