رانا ثنااللہ دل، شوگرکے مریض ہیں : مریم اورنگزیب
03 جولائی 2019 (15:30) 2019-07-03

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نےوزیر اعظم عمران خان پر ایک اور وار کرتے ہوئے ان سے یہ سوال پوچھ لیا ہے کہ وہ کیا ذرائع تھے جن سے انہوں نے بنی گالہ کی جائیداد خریدی

ٹویٹر پر مریم اورنگزیب نے وزیر اعظم عمران خان کی ایک ٹویٹ شیئر کی اور ساتھ لکھا کہ ’’کیا کوئی عمران صاحب کی وراثتی یا تحفے میں ملی ہوئی جائیداد کی کل قیمت کا تخمینہ لگا سکتا ہے ؟ ‘‘

مزید برآں مریم اورنگزیب کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ جیل میں رانا ثنااللہ کو خدانخواستہ کچھ ہوا تو ذمہ دار عمران صاحب ہوں گے۔مسلم لیگ ن کی ترجمان نے حکومت پر الزام عائد کیا ہے کہ رانا ثنااللہ کو بنیادی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے،انہیں خوراک اور ادویات تک نہیں دی جارہی۔انہوں نے کہا کہ رانا ثنااللہ کو ذہنی اذیت دے کر دبائو ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ رانا ثنااللہ دل، شوگر، سمیت دیگر امراض میں مبتلا ہیں۔ مریم اورنگزیب نے مطالبہ کیا کہ انہیں ادویات اور خوراک کی بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

مریم نواز شریف نے وزیر اعظم کو خبردار کیا کہ عمران صاحب انتقام کی آگ میں وہ کام نہ کریں جس پر کل آپ کو پچھتانا پڑے۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ کے توسط سے وزیراعظم عمران خان سے سوال کیا کہ عمران صاحب اتنا ڈر کہ آپ کو جیل میں بیٹھے رانا ثناااللہ سے بھی ڈر لگتا ہے؟ ۔


ای پیپر