Source : Yahoo

طوفانی بارش میں عمران خان لاہور کے مختلف علاقوں کے دورے پر نکل پڑے
03 جولائی 2018 (19:09) 2018-07-03

لاہور : طوفانی بارش میں پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان لاہور کے مختلف علاقوں کے دورے پر نکل پڑے۔تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے آج دو روزہ دورے پر کراچی جانا تھا۔ تا ہم موسم کی خرابی کے باعث وہ کراچی نہ پہنچ سکے۔

موسم کی خرابی کے باعث ان کی روانگی تاخیر کا شکار ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی گزشتہ رات سرگودھا سے لاہور پہنچے تھے جہاں سے انہیں آج دو روزہ دورے پر کراچی جانا تھا تاہم موسم کی خرابی کے باعث اب تک وہ اپنی رہائشگاہ سے ایئرپورٹ کی جانب نہیں آئے۔دوسری طرف لاہور میں گزشتہ رات سے طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔اور بارش رکنے کا نام ہی نہیں لے رہی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا یہ سلسلہ اگلے دو روز تک جاری رہے گا۔اسی طوفانی بارش میں عمران خان بھی اپنی گاڑی پر لاہور میں نکل پڑے ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان لاہور کے مخلتف علاقوں کے دورے پر نکلے ہیں۔ عمران خان نے لکشمی چوک سمیت دیگر علاقوں کا دورہ کیا ۔ عمران خان بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا ہے کہ شریف خاندان نے سارا پیسہ رائیونڈ میں لگایا ہے۔اگر دیانتداری سے پیسہ خرچ کیا ہوتا تو آج یہ حالات نہ ہوتے۔

عمران خان کا ن لیگ پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ لاہور کو پیرس کہتے ہیں لیکن پیرس میں جب بارش ہو تو سڑکیں نہیں ڈوبتی۔ یاد رہے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں طوفانی بارش نے گذشتہ 38 سال کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔

طوفانی بارش کے باعث کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے جس کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ سڑکوں پر موجود شہریوں میں سے کچھ موٹرسائیکل بند ہونے کی وجہ سے پریشان ہیں تو کچھ اپنی اپنی گاڑیوں کو دھکے لگا رہے ہیں۔


ای پیپر