Pakistan US Relation
03 فروری 2021 (19:24) 2021-02-03

اسلام آباد:امریکی حکومت نے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کی جانب سے اور حکومت پاکستان ، اقوام متحدہ کے صنعتی ترقی کے ادارے (یونیڈو)اور مقامی شراکت داروں کے تعاون سے پاکستان پرائیویٹ سیکٹرانرجی منصوبے کا آغاز کردیا  جس کا مقصد ماحول دوست توانائی کیلئے نجی شعبے میں سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  یہ منصوبہ چھوٹے اور درمیانے درجے کی توانائی صلاحیتوں کیلئے نہ صرف مددگار ثابت ہوگا بلکہ پاکستان بھر میں مقامی اور قومی اقتصادی ترقی کا باعث بھی بنے گا۔پاکستان کے نجی شعبہ کیلئے توانائی کا یہ منصوبہ کم لاگت اور قابل تجدید توانائی وسائل کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے توانائی کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری کو فروغ دے گا جو کہ اقتصادی ترقی کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

 ماحول  دوست توانائی (کلین انرجی)منصوبے کے حوالے سے مالی وسائل تک رسائی یونیڈو پروجیکٹ فنانسنگ تک رسائی کیلئے کلین انرجی ڈویلپرز اور نجی شعبے کے ساتھ مل کر کام کرے گا۔یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر جولی کوئنن کے مطابق پائیدار، کم لاگت توانائی پاکستان کی اقتصادی ترقی کے حوالے سے بنیادی حیثیت رکھتی ہے۔

 نجی شعبے میں سرمایہ کاری کی طاقت کو استعمال کرتے ہوئے نہ صرف اقتصادی ترقی میں اضافہ ہوگا بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہونگے۔ ماحولیاتی تبدیلی کے وزیر ملک امین اسلم کے مطابق یو ایس ایڈ کے مالی تعاون کے تحت یہ منصوبہ حکومت پاکستان کی ماحول دوست، کم لاگت اور قابل تجدید توانائی کے حصول کی کوششوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گا۔


ای پیپر