India, Occupied Kashmir, UN resolutions, Shah Mehmood Qureshi, Pakistan
03 فروری 2021 (10:50) 2021-02-03

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کا رویہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہے ، بھارتی جبر و استبداد سے حریت تحریک کو مزید تقویت ملی۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔ گزشتہ 18 ماہ سے جموں کشمیر میں مکمل بلیک آؤٹ ہے ، نہتے کشمیریوں کے گھروں کو نذر آتش کیا گیا ، اس کے علاوہ بھارتی فوج نے کشمیری حریت رہنماؤں کو جیلوں میں قید کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ہندوتوا نظریے پر عمل کرکے مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کو دیوار سے لگا رہا ہے ، عالمی سطح پر پاکستان کی جانب سے بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کا اپنا میڈیا بھی اب ظلم و ستم کیخلاف آواز بلند کر رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 5 اگست کے غیر آئینی اقدامات کے بعد مسئلہ کشمیر 3 بار اقوام متحدہ میں زیر بحث آیا ، پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔

گزشتہ روز پاک فوج کے سپہ سالار نے کہا کہ پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کو پرانے تنازع مسئلہ کشمیر کو حل کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وہ وقت ہے جب امن کا ہاتھ ہر طرف بڑھنا چاہیے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل نے جی ڈی پائلٹ پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر پُروقار اور پُرامن طریقے سے کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے۔


ای پیپر