فیصل واوڈا کی نااہلی کی درخواست مسترد
03 فروری 2020 (23:03) 2020-02-03

اسلام آباد:الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کی نا اہلی کیلئے درخواست پر حتمی فیصلے تک وفاقی وزیر کی رکنیت معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔

چیف الیکشن کمشنر جلال سکندر سلطان کی سربراہی میں 5رکنی کمیشن نے فیصل واوڈا کیخلاف درخواستوں کی سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے فیصل واوڈا کے امریکی اور پاکستانی پاسپورٹس کی نقول اور امریکی قونصلیٹ سرٹیفیکیٹ کی نقل پیش کی گئی۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ کیا آپ نقول اور اخباری تراشوں پر انحصار کرینگے یا تصدیق شدہ نقل بھی فراہم کرینگے، درخواست گزار نے کہا کہ آئندہ سماعت پر تصدیق شدہ نقول فراہم کر دینگے۔

درخواست گزار کے وکیل نے فیصلہ آنے تک فیصل واوڈا کی رکنیت معطلی کی استدعا کی جس پر ممبر الیکشن کمیشن الطاف ابراہیم قریشی نے کہا کہ ایسی پہلے کوئی مثال موجود نہیں، فیصل واوڈا کو بھی سنا جائے گا۔ ممبر ارشاد قیصر کا کہنا تھا کہ کاغذات نامزدگی میں غلط بیانی کرنے پر آرٹیکل 62 کا اطلاق ہوتا ہے، دیکھنا ہوگا امریکی شہریت چھوڑی کب گئی؟ الیکشن کمیشن نے فیصل واوڈا کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 27 فروری تک ملتوی کر دی۔


ای پیپر