کورونا وائرس نے چین میں تباہی مچا دی
03 فروری 2020 (18:50) 2020-02-03

ووہان: چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 360 سے تجاوز کر گئی ہے اور چین حکام نے وائرس کے پھیلا اور اس کے اثرات کو روکنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات اٹھاتے ہوئے نئے ہسپتال میں طبی عملہ اور آلات وقف کرنے کے ساتھ ساتھ بھاری رقم بھی مختص کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چین میں وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 361 تک پہنچ گئی ہے اور صرف گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 2ہزار 829افراد وائرس کا شکار ہوئے ہیں جس سے چین میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 17ہزار 205تک پہنچ گئی ہے،پاکستان سمیت مختلف ملکوں کی جانب سے اپنے شہریوں کو چین خصوصا وائرس سے متاثرہ ہوبئی صوبے سے نکالنے کا سلسلہ جاری ہے اور اکثر ملکوں نے اپنے مسافروں کو چین کا سفر نہ کرنے کا انتباہ جاری کیا ہوا ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافے کا اندیشہ ہے ہزاروں مشتبہ کیسز کے ٹیسٹ اب بھی التوا کا شکار ہیں،ہوبئی میں وائرس کے سبب اسکول کو دوبارہ کھولنے کا عمل بھی التوا کا شکار ہے اور صوبائی دارالحکومت ووہان میں صرف 10دن میں ایک ہزار بستروں کا ہسپتال تعمیر کردیا گیا جبکہ اگلے چند دن میں ایک اور 1500 بستروں کے ہسپتال کو بھی کھول دیا جائے گا،شہر میں پابندیاں مزید سخت کردی گئی ہیں اور کسی بھی خاندان کے صرف ایک فرد کو چیزوں کی خریداری کے لیے بازار جانے کی اجازت دی گئی ہے۔


ای پیپر